قطر اور لبنان کے وزرائے اعظم کی مشترکہ پریس کانفرنس؛ ایران اسرائیل جنگ بندی کا خیر مقدم

دوحہ: قطر اور لبنان کے وزرائے اعظم نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں دوحہ میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم کیا گیا اور خطے میں پائیدار امن کے قیام پر زور دیا گیا۔
قطری وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمن الثانی نے کہا کہ قطر خطے میں امن کا خواہاں ہے اور ہم نے اس مقصد کے لیے ہر ممکن سفارتی کوشش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی جانب سے قطر میں موجود امریکی فوجی اڈے پر حملے نے نہ صرف قطر کی خودمختاری کو چیلنج کیا بلکہ ہماری جاری سفارتی کوششوں کو بھی متاثر کیا۔
انہوں نے اس ایرانی حملے پر شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے حملے پر فوری اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور جی سی سی ممالک کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
ان کے مطابق قطر نے اس واقعے کے باوجود ثابت کیا ہے کہ اپنی خودمختاری کے دفاع سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔
شیخ محمد بن عبدالرحمن نے واضح کیا کہ ایران اور اسرائیل نے جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔ اسرائیل کی جانب سے علاقائی ریاستوں پر حملوں نے خطے کو جنگ کی دہلیز پر لاکھڑا کیا جسے قطر نے ہر ممکن حد تک روکنے کی کوشش کی۔
دوسری جانب پریس کانفرنس میں لبنانی وزیراعظم نجیب میقاتی نے بھی خطاب کیا اور قطر کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ہم خطے میں امن چاہتے ہیں اور موجودہ کشیدگی کے آغاز سے ہی ہم صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی خودمختاری کو کسی صورت نقصان نہیں پہنچنا چاہیے اور یہ وقت ہے کہ پورے خطے کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کیا جائے تاکہ پائیدار امن کی بنیاد رکھی جاسکے۔
لبنانی وزیراعظم نے جنگ بندی کے معاہدے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ “م اس پیش رفت کا خیر مقدم کرتے ہیں اور سفارتکاری کے ذریعے تنازعات کے حل کی حمایت کرتے ہیں۔
قطری وزیراعظم نے اختتام پر کہا کہ ہمیں امید ہے کہ سفارتکاری کے ذریعے خطے کو ایک اور تباہ کن جنگ سے بچایا جاسکتا ہے اور مستقبل میں ایسے واقعات سے گریز کیا جائے گا جو علاقائی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News