ترکیہ میں ہاتھ سے لکھا ہوا دنیا کا سب سے بڑا قرآنِ پاک تیار

سابق عراقی سنار نے ترکیہ میں 6 سال کی محنت کے بعد دنیا کا سب سے بڑا ہاتھ سے لکھا ہوا قرآنِ پاک تیار کر لیا۔جس کے صفحات کی لمبائی 4 میٹر اور چوڑائی ڈیڑھ میٹر ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق 1971 میں پیدا ہونے والے علی زمان، جن کا تعلق عراق کے شہر سلیمانیہ سے ہے۔ بچپن ہی سے اسلامی خطاطی کے شوقین تھے۔
انہوں نے 2013 میں سنار کا پیشہ چھوڑ کر مکمل طور پر خطاطی کو اپنایا۔ 2017 میں وہ اپنے اہلِ خانہ کے ہمراہ ترکیے کے شہر استنبول منتقل ہوگئے۔
علی زمان نے ہاتھ سے دنیاکا سب سے بڑا قرآن پاک تیار کرنے کی ٹھانی اور استنبول کی محرمہ سلطان مسجد کے ایک چھوٹے سے کمرے میں روزانہ کئی گھنٹے کام کرتے رہے۔
یہ منصوبہ مکمل طور پر خود فنڈڈ تھا۔ اگرچہ 2023 میں صحت کے مسائل کے باعث انہیں کچھ عرصہ رکنا پڑا۔ مگر انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔
آخر کار اب علی زمان نے 6 سال کی انتھک محنت کے بعد دنیا کا سب سے بڑا ہاتھ سے لکھا ہوا قرآنِ پاک تیار کرلیا ہے۔ جسے انہوں نے روایتی (Reed Pen) سے ہاتھ سے تحریر کیا۔
قرآن پاک کے صفحات کی لمبائی 4 میٹر اور چوڑائی ڈیڑھ میٹر ہے ۔ علی زمان نے کسی جدید آلے کا استعمال نہیں کیا بلکہ ہر حرف کو نہایت محنت اور باریکی سے خود لکھا۔
ترک میڈیا کے مطابق یہ قرآنِ پاک دنیا کے سب سے بڑے سابقہ نسخے سے بھی بڑا ہے، جس کی لمبائی تقریباً 2.28 میٹر اور چوڑائی 1.55 میٹر تھی۔
علی زمان کو مختلف ممالک جیسے شام، ملائیشیا، عراق اور ترکیہ میں خطاطی کے کئی بین الاقوامی ایوارڈز مل چکے ہیں۔
انہیں 2017 میں ترکیے کے انٹرنیشنلHilye-i Serif مقابلے میں صدر رجب طیب اردوان کی جانب سے “Distinction” ایوارڈ بھی دیا گیا۔
علی زمان کا کہنا ہے ایسا کچھ بہترین تخلیق کرنا ایک خوشی کی بات ہے جو بہت کم لوگ کر سکتے ہیں۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

