گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث افراد کے خلاف فوری کریک ڈاؤن کیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا ہے جس میں گندم کی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ گندم کی اسمگلنگ کی روک تھام کو مکمل طور پر یقینی بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گندم اور آٹے کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے اور قیمتوں کو یکساں سطح پر لانے کے لئے بین الصوبائی کورارڈینیشن کو مزید بہتر کرتے ہوئے جامع اور منظم انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال کے تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبہ سندھ میں گندم کی ریلیز کی پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے اس کے ساتھ ہی مستقبل میں گندم اور آٹے کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے گندم کی درآمد کے فیصلے پر عمل درآمد کے حوالے سے منصوبہ بندی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔
چیف سیکرٹری پنجاب اور خیبر پختونخواہ کی جانب سے گندم کی صورتحال اور گندم اور آٹے کی قیمتوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ صوبہ پنجاب کے تمام شہروں میں بیس کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے پر فراہم کیا جا رہا ہے۔
چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ گندم کی وافر دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے اٹھارہ ہزار ٹن گندم روزانہ کی بنیاد پر ریلیز کی جا رہی ہے جبکہ صوبہ خیبر پختونخواہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے تقریباً بیس فیصد آٹا خیبر پختونخواہ کو بھجوایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اجلاس میں چینی کی مناسب نرخوں پر دستیابی کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری پنجاب نے صوبے میں چینی کی دستیابی اور قیمتوں کے بارے میں بھی تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء حماد اظہر، فخر امام، مشیران ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل و دیگر سینئر افسران بھی شرکت کی جبکہ صوبائی چیف سیکرٹریز کی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کو یقینی بنایا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

