جمائما نے اداکارہ سجل علی کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کی وجہ بتادی

جمائما نے اداکارہ سجل علی کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کی وجہ بتادی
چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے اداکارہ سجل علی کو اپنی فلم میں کاسٹ کرنے کی وجہ بتادی ہے۔
حال ہی میں چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ ’ سجل علی کو فلم میں کاسٹ کرنے کا مشورہ ان کی دوست کے شوہر نے انہیں دیا ‘۔
انہوں نے کہا کہ ’ ہمیں ایک ایسی اداکارہ کی تلاش تھی جو للی جیمز کیلئے ایک پرفیکٹ میچ کہلائے ‘۔
جمائما نے کہا کہ ’ ہم اس کردار کیلئے ایک خوبصورت لڑکی کے ساتھ بہترین اداکارہ کی تلاش میں تھے لیکن پاکستان میں موجود ٹیلنٹ ایجنسیز کے حوالے سے میں اتنا خاص نہیں جانتی تھی اس کے لیے میں نے اپنے سابق شوہر عمران خان کےدوست یوسف صلاح الدین کو کال کی اور ان سے کہا کہ مجھے آپ کی ضرورت ہے ‘۔
یہ بھی پڑھیں؛ جمائما پاکستانی نژاد برطانوی کرکٹر کی مہم سے متاثر
عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے کہا کہ ’ اس کے بعد میں نے یوسف کو اپنی فلم کیلئے متعلقہ کردار میں ہونی والی خصوصیات بتائیں اور انہوں نے مجھ سے سجل علی کا کہا جس کے بعد ہم نے سجل کے مینیجر سے رابطہ کیا اور سجل کو آڈیشن کا حصہ بنایا، پھر انہیں سلیکٹ کرلیا گیا ‘۔
اس سے قبل چیئر مین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈاسمتھ نے اپنے انٹرویو میں کہا تھا کہ’ میں نے پاکستان کو ایسا خوبصورت دکھایا ہے جیسا میں اسے جانتی ہوں، فلم ’واٹس لَو گوٹ ٹو ڈو ود اٹ؟‘ پاکستان کے لیے محبت بھرا خط ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ’ میں ایسی فلم بنانا چاہتی تھی، جو پاکستان کی پذیرائی پر مبنی ہو، میں پاکستان کو رنگوں سے بھرا، خوبصورت اور تفریح سے بھرپور جگہ کے طور پر دکھانا چاہتی تھی ‘۔
جمائما نے کہا کہ’ پاکستان میں تھی تو سوچتی تھی کہ مغربی اسکرین پر پاکستان کو کس طرح دکھایا جاتا ہے۔ زیرو ڈارک تھرٹی اور ہوم لینڈ جیسی مغربی فلموں میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ مسلمانوں اور پاکستانیوں کو منفی دکھایا جاتا ہے ‘۔
عمران خان کی سابقہ اہلیہ نے کہا تھا کہ ’ مجھے موقع ملا میں پاکستان سے متعلق رومانوی اور مزاح سے بھرپور فلم بنا سکوں، اس فلم میں بہترین اداکاروں کو شامل کیا گیا، اس میں سجل علی جیسی خوبصورت اور قابل پاکستانی اداکارہ شامل ہیں، بھارت سے شبانہ اعظمی جیسی بڑی اداکارہ بھی فلم میں اداکاری کر رہی ہیں ‘۔
انہوں نے کہا تھا کہ’میں پاکستان کو اپنے اور آپ جیسا دکھا سکوں اور میں پُرامید ہوں یہ فلم پاکستان کے نام میرا ’لَو لیٹر‘ ثابت ہوگی۔ ایسی سرزمین جہاں میں نے ابتدائی زند گی گزاری، 20 سال کی عمر میں آئی اور 10 سال وہیں رہی ‘۔
یہ بھی پڑھیں؛ جمائما بھی راحت فتح علی خان کی موسیقی کی دیوانی ہوگئیں
جمائما نے کہا تھا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ پاکستان میری شخصیت کا حصہ ہے، مجھے اس ملک سے والہانہ لگاؤ ہے، پاکستان میں میرے بہت دوست ہیں، مجھے وہاں بہت محبت ملتی ہے، اس معاملے میں میں بہت خوش نصیب ہوں ‘۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News