کورونا ویکسینز کا امتزاج مؤثر قراردیدیا گیا

کورونا ویکسینز کے امتزاج کو دنیا کے مختلف ممالک نے محفوظ اور مؤثر قرار دیدیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق کووڈ ویکسینز کے امتزاج سے متعلق دنیا کے مختلف ممالک میں ماہرین صحت کے تجربے جاری ہیں جس میں یہ دیکھا جارہا کہ ان ویکسینز کے 2 ڈوزز کس حد تک محفوظ ہیں۔
اس تحقیق کیلئے فائزر، بائیو این ٹیک اور ایسٹرازینیکا ویکسین کا امتزاج کیا گیا اور اسے محفوظ اور مؤثر قرار دیا گیا۔
اس سلسلے میں اسپین کے کارلوس ہیلتھ انسٹیٹوٹ نے تجربہ کیا اور یہ بات سامنے آئی کہ کورونا ویکسینز کا امتزاج کردیا جائے تو اس کے زیادہ بہتر نتائج ہونگے۔
اس تحقیق کے ابتدائی مرحلے میں پہلی خوراک کے طور پر ایسٹرازینیکا ویکسین استعمال کرنے والے افراد کو دوسری خوراک میں فائزر ویکسین دی گئی۔
تجربے کے دوران 2 مختلف ویکسینز استعمال کرنے والوں میں آئی جی جی اینٹی باڈیز کی سطح کو ایسٹرازینیکا ویکسین کی ایک خوراک استعمال کرنے والے گروپ کے مقابلے میں 30 سے 40 گنا زیادہ دریافت کیا گیا۔
تحقیق میں یہ انکشاف ہوا کہ 2 مختلف ویکسین استعمال کرنے والے افراد میں وائرس ناکارہ بنانے والی اینٹی باڈیز کی سطح دوسرے گروپ سے 7 گنا زیادہ ہے۔
اس تجربے کیلئے 18 سے 59 سال کی عمر کے 670 رضاکاروں کو شامل کیا گیا تھا جن کو ایسٹرازینیکا ویکسین کی ایک خوراک استعمال کرائی جاچکی تھی۔
ان میں 670 میں سے 450 کو ایسٹرازینیکا کی جگہ فائزر ویکسین کا استعمال دوسری خوراک کے طور پر کروایا گیا۔
محققین کا کہنا ہے کہ اس تجربے میں صرف 1.7 فیصد افراد کو مضر اثرات کا سامنا ہے جن میں سردرد، مسلز میں تکلیف اور عدم اطمینان قابل ذکر تھے۔
محققین کے مطابق ان علامات کو سنگین نوعیت کا تصور نہیں کیا جاسکتا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News