وزیر اعظم پاکستان کشمیریوں کا درد سمجھنے والے واحد لیڈر ہیں، عبد القیوم نیازی

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کا درد سمجھنے والے واحد لیڈر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہ وہ وقت دور نہیں جب بھارت کشمیریوں کو ان کا حق دینے پر مجبور ہوگا، وزیر اعظم پاکستان عمران خان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے وافر فنڈز مہیا کریں گے، عمران خان کشمیریوں کا درد سمجھنے والے واحد لیڈر ہیں۔
سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ میں اقتدار میں ذات کیلئے نہیں بلکہ عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں، لوگوں یاد رکھنا میں آپ کی خدمت میں کوئی کمی نہیں چھوڑوں گا، آزاد کشمیر بھر میں تاریخ ساز ترقیاتی کام کروں گا، مثالی خطہ بناوں گا، آزاد کشمیر میں صرف اور صرف میرٹ نظر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے اسلاف نے جو قربانیاں دیں وہ ان گنت ہیں، فراموش نہیں کریں گے، میں اپنے اسلاف کی قربانیوں سے کبھی غداری نہیں کروں گا۔
وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ راولاکوٹ میڈیکل کالج کی زمین کا مسئلہ حل کریں گے۔
سردار عبد القیوم نیازی نے راولاکوٹ میں ویمن یونیورسٹی کا کیمپس، تعلیمی بورڈ اور کیتھ لیب کے قیام کا اعلان کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج غازیوں اور شہیدوں کی سرزمین سے یہ میسج دینا چاہتا ہوں کہ ہمارے اسلاف نے جس طرح اس خطے کو آزاد کروایا تھا اسی طرح ہم مقبوضہ کشمیر کو بھی آزاد کروائیں گے، بھارت سن لو مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بہن اور بھائی اکیلے نہیں، ہم ان کی آزادی کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کیلئے تیار ہیں۔
عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ آج ایل او سی سے وزیر اعظم بنا ہے تو کل مقبوضہ کشمیر کا رہنے والا اس پوری ریاست کا وزیر اعظم ہوگا، یہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم متحد و منظم ہو کر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں اور بہنوں کیلئے جاندار آواز بلند کریں، وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی مظالم کو دنیا بھر میں بے نقاب کر کے رکھ دیا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

