ہمیں قیدیوں کی اصلاح کر کے انہیں معاشرے کا بہتر شہری بنانے کی کوشش کرنی چاہئے، ایڈمنسٹریٹر کراچی

عوام کسی بھی غیرقانونی کارروائی کا حصہ نہ بنیں، مرتضیٰ وہاب
ایڈمنسٹریٹر کراچی مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ ہمیں قیدیوں کی اصلاح کرنی چاہئے اور انہیں معاشرے کا بہتر شہری بنانے کی کوشش کرنی چاہئے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سینٹرل جیل کا دورہ کیا جہاں آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیر احمد اور دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے جیل میں بچوں کے لئے بنائے گئے پارک کا افتتاح کیا۔
افتتاحی تقریب میں آئی جی جیل خانہ جات قاضی نذیر احمد، میڈم شیبہ شاہ، کراچی سینٹرل جیل کے ڈی آئی جی حسن سہٹو، میڈم حیا، میڈم ناصرا اور میڈم رابعہ سمیت سینئر افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ بچوں کی تعلیم و تربیت والدین کا اولین فرض ہے اس میں کوتاہی نہ کریں، بچوں اور خواتین کو جیل میں دیکھ کر افسوس ہوتا ہے، مختلف جرائم میں سزا کانٹنے والے بچے سزا پوری کرنے کے بعد اچھا شہری بننے کی کوشش کریں۔
انہوں نے کہا کہ خدا کرے میں جب یہاں دوبارہ آؤں تو یہ تمام بچے رہا ہوچکے ہوں، جن بچوں اور خواتین کے پاس مقدمات لڑنے کے لئے پیسے نہیں ہوتے ان کی مدد کرنا عبادت کا درجہ رکھتی ہے، کمیٹی فار دی ویلفیئر پر زنر لیگل ایڈ قیدیوں کی مدد کا فریضہ انجام دے رہی ہے جو قابلِ ستائش ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ صوبہ سندھ پاکستان کا پہلا صوبہ ہے جہاں جیل خانہ جات کے لئے ایکٹ بنا کر نافذ کیا گیا، قیدیوں کے بھی حقوق ہوتے ہیں جن کی پاسداری کی جانا ضروری ہے، 2019 سے پہلے انگریزوں کا بنایا ہوا 1894 کا قانون نافذ تھا، 1894 کے قانون کا مقصد لوگوں کو کنٹرول کرنا، اپنے تابع رکھنا اور ان میں خوف پیدا کرنا تھا۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ہمیں قیدیوں کی اصلاح کرنی چاہئے اور انہیں معاشرے کا بہتر شہری بنانے کی کوشش کرنی چاہئے، 2018 میں مشیر قانون کا عہدہ سنبھالنے کے بعد میں نے سب سے پہلا کام پولیس ریفارم اور پرزنر ریفارم کے قوانین بنانے کا کیا، شہریوں کے ساتھ ساتھ سیاستدانوں کا بھی جیل سے واسطہ پڑتا ہے اور وہ پولیس کے ہاتھوں پریشان بھی ہوتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ 2019 کے جیل خانہ جات کے قوانین میں انسانی حقوق اور قیدیوں کی عزت نفس اور فلاح و بہبود کو اولیت دی گئی ہے، پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت ہی بہتر منصوبے بنائے جاسکتے ہیں، شہری حکومت کو اون کریں، سپورٹ کریں اور ہمارے ساتھ مل کر کام کریں۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ہم نے سندھ کے انفراسٹرکچر، اسپتالوں اور انصاف کی فراہمی کو بہتر کیا ہے، عام آدمی کو آئینی اور قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لئے سندھ لیگل ایڈ سینٹر کام کررہا ہے، لوگوں میں منفی رجحان کو ختم کرنے کے لئے حکومت شہریوں کے ساتھ ہے اور بہتری کے لئے کام کرنا چاہتی ہے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی مشیر قانون و ترجمان حکومت سندھ بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کمیٹی فار دی ویلفیئر پرزنل لیگل ایڈ قیدیوں کی قانونی مدد کے لئے بنائی گئی ہے، جو بچے بے قصور یہاں قید ہیں انہیں آزادانہ ماحول اور تعلیم و تربیت کے مواقع فراہم کئے جائیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

