جیالوں نے جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں ، بلاول بھٹو

بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ جیالوں نے جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی کے 54 یوم تاسیس پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یوم تاسیس کے دن تمام جیالوں کو سلام پیش کرتے ہیں ، پیپلز پارٹی کے جیالوں نے جمہوریت کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دی ہیں ، جیالوں نے کوڑے کھائے، قید برداشت کی، جلاوطنی جھیلی اور غیرجمہوری قوتوں کے اسپانسرڈ میڈیا ٹرائیلز کا سامنا کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ باعثِ فخر ہے کہ قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پایئہ تکمیل پہنچانے کے لیے پارٹی عہدیداران اور کارکنان پرعزم و بے مثال جراَت کے ساتھ اپنی جدوجہد میں نئی روح پھونکنے کے لیے کھڑی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور و لائحہ عمل ہی 22 کروڑ پاکستانیوں اور وطن کو حقیقی جمہوری و فلاحی ریاست بنانے کا واحد راستہ ہے ، پاکستان پیپلز پارٹی ایک تحریک ہے ، پیپلز پارٹی کی اساس قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نظریے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے فلسفے اور کئی نسلوں کی جدوجہد و قربانیوں پر محیط ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرکے ملک و قوم کو بیش بہا اسٹریٹجک تحفے دیے ، پیپلز پارٹی نے ملک کو پہلا متفقہ آئین دیا ، پیپلز پارٹی قیادت نے ملک کو جوہری پروگرام اور میزائیل ٹیکنالاجی دی ، صوبائی خودمختاری اور زرعی و معاشی اصلاحات دینا بھی پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ نے کہا کہ پاک چین دوستی، سی پیک منصوبہ اور اسلامی سربراہی کانفرنس کی شکل میں سیاسی طور پاکستان کو اسلامی دنیا کو محور و مرکز بنانا بھی پی پی پی کا طرہِ امتیاز ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم عوام کے حقِ حاکمیت، خواتین کی آزادی، اقلیتوں کی قومی دھارے میں شمولیت، جمہوری اداروں کو بااختیار، آئین کی حکمرانی اور عوام کی بھبود و ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالوں کی انتھک جدوجہد بارآور ہونے کے قریب ہے ، ملک سے ہر قسم کے امتیاز کے خاتمے اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کا خواب حقیقت میں بدلنے والا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وقت آگیا ہے اب پاکستان میں حقیقی جمہوریت کو پاؤں جمانے دیا جائے اور لاڈلہ سازی کا خاتمہ کیا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

