حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ملک شدید گیس بحران کی طرف جا رہا ہے، رضا ربانی

سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی اور غیر شفاف پالیسی کی وجہ سے ملک شدید گیس بحران کی طرف جا رہا ہے۔
اپنے ایک بیان میں میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کی وبا پورے پاکستان پر ہاوی ہوگئی ہے، حکومت ہر لمحے ضروری سروسز کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کے لیے بجلی کے نرخ میں 1 روپیہ 68 پیسے اور کمرشل اور صنعتی صارفین کے لئے 1 روپے 39 پیسے اضافہ کر دیا گیا ہے، رات کی تاریکی میں حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 8 روپے 3 پیسے اور ڈیزل کی قمیت میں 8 روپے 14 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا ہے۔
سابق چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ دو ہفتے قبل ہی پیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 49 پیسے اضافہ کیا گیا تھا، حکومت کی نااہلی اور غیر شفاف پالیسی کی وجہ سے ملک شدید گیس بحران کی طرف جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں گیس کی شدید قلت ہوگی اور نرخوں میں اضافہ ہوگا، نئی ایل این جی 31 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو پر خریدی جا رہی ہے، ایل این جی اسکینڈل کی عدالتی تحقیقات کی جائیں۔
میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے اہلکار فیصلہ سازی کی پوزیشن پر ہیں، آئی ایم ایف کے نمائندے ملک کو معاشی تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں جہاں لوگ سڑکوں پر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ کمشین رپورٹ کے باوجود حکومت شوگر مافیا کے خلاف کارروائی کرنے میں ناکام رہی اس کے باعث شوگر ملز چینی 140 روپے کلو بیچ کر منافع کما رہی ہیں۔
سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ ملازمت پیشہ افراد کے پاس ایک ہی راستہ بچ رہا ہے کہ وہ اپنی اور خاندان کی جان لے لیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

