کثیر قطبی دنیا اور اس کی مشکلات
جیواسٹریٹیجک تقسیم سرد جنگ کے بعد سب سے زیادہ وسیع ہے
’’ہماری دنیا خطرے میں اور مفلوج ہے۔ جغرافیائی سیاسی تقسیم سلامتی کونسل کے کام، بین الاقوامی قانون کو کمزور کر رہی ہے، جمہوری اداروں پر لوگوں کے اعتماد کو مجروح کر رہی ہے، ہر قسم کے بین الاقوامی تعاون کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ ہم اس طرح آگے نہیں بڑھ سکتے۔ . . . ایک مرحلے پر، بین الاقوامی تعلقات G-2 دنیا کی طرف بڑھتے نظر آئے۔ اب، ہمیں G-Nothing کے ساتھ ختم ہونے کا خطرہ ہے۔‘‘
انتونیو گوتیرس, اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 77 واں اجلاس ، 20 ستمبر 2022۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا 77 واں اجلاس(UNGA 77) 13 ستمبر 2022 کو بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے خاص طور پر نازک لمحے پر شروع ہوا۔ کورونا وبا کے آغاز کے بعد سے یہ جنرل اسمبلی کا پہلا ذاتی موجودگی پر مبنی (in-person ) اجلاس ہے۔ جس میں دنیا بھر سے سربراہان مملکت، سربراہان حکومت اور اعلیٰ سفارت کار شرکت کر رہے ہیں۔ یہ اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی سائیڈ لائنز پر رہنماؤں کی اہم دو طرفہ ملاقاتوں کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔
یہ سیشن انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ ایک ایسے وقت میں منعقد کیا جا رہا ہے جب شکستہ اور ممکنہ طور پر غیر مستحکم جغرافیائی سیاسی ماحول میں آگے بڑھنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، جس میں چین اور چائنا کنٹینمنٹ ایکٹ کے خلاف امریکہ کی کھلم کھلا محاذ آرائی، اور امریکی کے ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے دورہ تائیوان کی بازگشت بھی شامل ہے۔ بین الاقوامی سیاسی اور اقتصادی منظرنامہ یوکرین کی جنگ کی وجہ سے مزید پیچیدہ ہو گیا ہے، جس میں چین کو روس کا حامی سمجھا جاتا ہے۔
دنیا بھر میں دیگر تنازعات اور بحران جیسے افغانستان، کشمیر، فلسطین، ایرانی جوہری پروگرام، غذائی تحفظ، غربت کا خاتمہ، پائیدار ترقی کے اہداف کا حصول اور کوویڈ 19 کی تباہی کے بعد مسلسل سست معاشی ترقی بھی شامل ہیں۔ علاوہ ازیں موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن نتائج کا ظہور جیسا کہ پاکستان میں تباہ کن سیلاب ، جس سے ملک کا ایک تہائی حصہ ڈوب گیا اور 33 ملین افراد متاثر ہوئے۔ یہ تمام مسائل ممالک اور کثیرالجہتی تنظیموں سے دور اندیشی، لچک اور تازہ سوچ کے متقاضی ہیں۔ نئے عصری طرز کی انتہائی مسابقتی جغرافیائی سیاست اور طاقت کے مختلف قطبین کے درمیان کھلے عام معاندانہ تعلقات کو کم کرنا ہو گا تاکہ کثیرالجہتی نظام کو بچایا جا سکے اور اقوام متحدہ کے لیے آج دنیا کو درپیش مسائل کے پرامن مذاکرات کے ذریعے حل تلاش کرنے کی گنجائش چھوڑی جائے۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے، UNGA 77 کے آغاز سے ٹھیک پہلے، خبردار کیا کہ یہ عظیم خطرے کا وقت ہے اور اس بات پر زور دیا کہ،”جیواسٹریٹیجک تقسیم کم از کم سرد جنگ کے بعد سے سب سے زیادہ وسیع ہے۔” انہوں نے ایک ایسی دنیا میں جہاں جغرافیائی سیاسی تقسیم ہر کسی کو خطرے میں ڈال رہی ہے، غوروفکر اور ایک ٹھوس اور حل پر مبنی نقطہ نظر کے لیے اپنی اپیل کا اعادہ کیا۔
چین کے عروج کی غیر معمولی طاقت اور رفتار نے نہ صرف ترقی پذیر دنیا کے لیے بلکہ امریکہ اور یورپ سمیت ترقی یافتہ اور سیاسی طور پر قائم طاقتوں کے لیے بھی بین الریاستی مشغولیت کے اصولوں کو بنیادی طور پر تبدیل کر دیا ہے۔ اپنی مضبوط اور پائیدار اقتصادی طاقت کے ساتھ جو اسے اپنے جغرافیائی سیاسی اور جیواسٹریٹیجک ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے مطلوبہ طاقت فراہم کرتی ہے، چین کی سیاسی رسائی کئی گنا بڑھ گئی ہے۔ دریں اثنا، زوال پذیر نمو اور بڑھتے ہوئے داخلی دباؤ نے ترقی یافتہ معیشتوں کی عالمی پلیٹ فارم پر اپنی اتھارٹی برقرار رکھنے کی صلاحیت کو ختم کر دیا ہے۔
غیر یقینی صورتحال اور جغرافیائی سیاسی بہاؤ کی اس حالت میں، اور ممکنہ حیرتوں اور الٹ پھیروں کے عالم میں، صرف مستعد اور موافقت پذیر ہی ترقی کر سکتے ہیں۔ کیا اقوام متحدہ اپنی قرارداد کو برقرار رکھنے کے قابل ہو جائے گا جو ایک چین کے اصول کی توثیق کرتی ہے اور اس بات کا اعادہ کرتی ہے کہ تائیوان چین کا اٹوٹ حصہ ہے، یہ امکان بعیدتر نظر آتا ہے۔ تائیوان کے معاملے میں امریکہ کو بین الاقوامی قانون کے دائیں طرف رہنے کی ترغیب دینے کے لیے کسی بھی اقدام کی توقع کمزور پڑتے ادارے سے بہت زیادہ ہے۔
یوکرین کی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کیا کیا جا سکتا ہے، یہ دیکھنا باقی ہے۔ جنگ سے متعلق کوئی بھی رسمی کارروائی، یا تو حملے کے نتائج کو سنبھالنے میں مدد کے لیے یا روس کو جوابدہ ٹھہرانے کے لیے، نتیجہ خیز ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ دونوں فریق عسکری فتح کے لیے زور دینے پر تلے ہوئے ہیں۔ انتونیو گوتیرس نے یو این جی اے سے پہلے کی پریس کانفرنس میں خبردار کیا کہ مستقبل قریب میں امن معاہدے کے امکانات صفر ہیں۔ یہ جنگ کے وقت کی جنرل اسمبلی ہے جہاں دونوں فریق ب امن کی بات کرنے کے بجائے اپنی اپنی پوزیشن مضبوط کرنے پر کمربستہ ہیں ۔
دوسری جانب جہاں یوکرین کی خودمختاری کی زبردست حمایت اور مغربی دنیا کی طرف سے روس پر تنقید کی جا رہی ہے، وہیں افریقہ، ایشیا اور لاطینی امریکہ کی اکثریت نے مایوسی کا اظہار کیا ہے کہ ان پر یوکرین کی جنگ میں فریق بننے کے لیے دباؤ ڈالا جا رہا ہے، جبکہ جنگ ان کے ملکوں کے مسائل سے توجہ ہٹا رہی ہے۔
روسی حملے سے جغرافیائی سیاسی زوال، جس نے بڑے پیمانے پر روس کو مغرب کے خلاف کھڑا کیا ہے، اقوام متحدہ کے نظام کے ذریعے کس حد تک پھیلتا ہے، کوئی اندازہ لگا سکتا ہے۔ہم پہلے ہی نئی دراڑیں پڑتے اور یورپی یونین کے ممبران سمیت پرانی شکایات کو مزید گہرا ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں۔ جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس کے دوران یوکرین کی جنگ اور امریکہ اور چین کے درمیان مسابقت کس انداز سے اقوام متحدہ میں معاملات کی تشکیل کرسکتی ہے، اس کا اندازہ سیشن کے ختم ہونے کے بعد ہی ہو گا۔
پاکستان نے ہمیشہ فعال طور پر اقوام متحدہ میں حصہ لیا اور ایک اہم کردار ادا کیا جس کا عالمی سطح پر اعتراف کیا جاتا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنی تقریر میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے حالیہ تباہ کن سیلابوں کے نتیجے میں پاکستان کو درپیش چیلنجز پر توجہ مرکوز کی۔ انہوں نے تشویشناک علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ پاکستان کثیرالجہتی کا زبردست حامی ہے اور اس پر یقین رکھتا ہے کہ اقوام متحدہ کو عالمی امن کے تحفظ اور فروغ میں مرکزی کردار ادا کرنا چاہیے۔
اسلامی تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ کے موجودہ سربراہ اور ترقی پذیر ممالک کے سب سے بڑے بین الاقوامی گروپ – 77 کے گروپ کے موجودہ سربراہ کے طور پر – پاکستان کو اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق بین الاقوامی امن و سلامتی، پائیدار ترقی اور سب کے لیے انسانی حقوق کو فروغ دینے کے لیے گلوبل ساؤتھ کی مؤثر نمائندگی کرنی چاہیے ۔
افریقی یونین، یورپی یونین اور امریکہ کی طرف سے مشترکہ طور پر منعقدہ گلوبل فوڈ سیکیورٹی سمٹ، اور اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی کانفرنس (COP-27) پر بند کمرے میں رہنماؤں کا اجتماع، جس نے موسمیاتی تبدیلی پر بات چیت کے لیے منتخب عالمی رہنماؤں کو اکٹھا کیا، دنیا کو درپیش دو اہم ترین چیلنجوں، خاص طور پر وہ ممالک جو موسمیاتی تبدیلی اور غذائی عدم تحفظ سے فوری طور پر متاثر ہو رہے ہیں، سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر درکار موثر اقدامات تجویز کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم ثابت ہوا۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس نے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کو عالمی رہنماؤں کو ان اہم مسائل سے آگاہ کرنے اور مدد کی درخواست کرنے کا موقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
مصنفہ چین، یورپی یونین اور آئرلینڈ کی سابق سفیر ہیں