ہمارا ٹارگٹ پاکستان کا سسٹم ٹھیک کر کے میرٹ کو لانا ہے، وزیراعظم

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ماضی میں پاکستان میں تعلیم کے شعبے پر توجہ نہیں دی گئی لیکن اب ہمارا ٹارگٹ پاکستان کا سسٹم ٹھیک کر کے میرٹ کو لانا ہے۔
ایئر یونیورسٹی ساوَتھ کیمپس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 60 کی دہائی کا ایک دور تھا جب مشرق وسطیٰ سے لوگ پاکستان میں تعلیم حاصل کرنےآتے تھے، لیکن پھر ماضی میں ہم نے تعلیم کے شعبے پر توجہ نہیں دی جس کی وجہ سے ہم جدید دور میں وہ کامیابیاں حاصل نہیں کرسکے جو کر سکتے تھے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے ٹیکنالوجی سے مستفید ہونا ضروری ہے، مصنوعی انٹیلی جنس سے انقلاب آنے والا ہے جس کے لئے پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کا معیار بڑھانا انتہائی ناگزیر ہے، محدود وسائل کے باوجود تعلیم کو ترجیح دینا ہوگی، ہم نے اداروں کومضبوط کرنا ہے ہمارا ہدف سسٹم کو ٹھیک کر کے میرٹ سسٹم لانا ہے۔
وفاقی کابینہ نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی منظوری دیدی
عمران خان نے کہا کہ برے دن آزمائش کے لیے آتے ہیں اور آزمائشوں سے نکل کر قومیں مٹتی نہیں مضبوط بن کراُبھرتی ہیں، انشاء اللہ پاکستان برے دنوں سے جلد نکل جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے شعبے میں درپیش مالی رکاوٹیں عارضی ہیں، پچھلا سال بڑا مشکل سال تھا ہماری عوام کو مشکل وقت سے گزرنا پڑا لیکن اب معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے اور ہم ملک کو مستحکم کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں، 2020 ترقی اور خوشحالی کا سال ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بڑے انسان کےخواب بھی بڑے ہوتے ہیں لیکن ہم بڑی سوچ سوچنے سے ڈرتے ہیں، انسان جو چیز تصور کر سکتا ہے وہ اسے بنا بھی سکتا ہے، اگر پاکستان کے نوجوانوں کو مواقع ملیں تو یہ بہت تیزی سے ترقی کرسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News