طیارہ حادثہ، وزیراعظم کی شفاف تحقیقات کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کی ہدایت

وزیر اعظم عمران خان نے حکام کو کراچی طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کرکے عوام کو حقائق سے آگاہ کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ہونے والے طیارہ حادثے کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں پی آئی اے اور ایوی ایشن حکام نے وزیر اعظم کو طیارہ حادثے سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کردی۔
حکام نے وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا کہ ابھی تحقیقات جاری ہیں۔ بیشتر میتیں شناخت ہوچکیں باقیوں کی شناخت کا عمل جاری ہے۔
وزیراعظم کو فرانسیسی ٹیم کی پاکستان آمد اور تحقیقات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔
حکام نے وزیر اعظم کو یقین دہانی کروائی کہ ان کی ہدایت پر شفاف انکوائری ہوگی اور ذمہ داروں کا احتساب ہوگا۔
اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ کراچی طیارہ حادثہ انتہائی افسوسناک اور المناک ہے،جلد انکوائری کے بعد ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے حادثے کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری سمیت ماضی میں ہونے والے تمام حادثوں کی رپورٹ بھی منظر عام پر لا نے کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم نے حکام کو انہیں تحقیقات سے متعلق مسلسل آگاہ رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے غم زدہ خاندانوں کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عید کے موقع پر حادثہ قوم کے لیے بڑا سانحہ ہے۔
وزیراعظم نے کہا، انسانی جان کا کوئی نعم البدل نہیں،متاثرین کو یقین دلاتے ہیں افسوس ناک واقعے میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

