اس دفعہ عید الضحیٰ غیر معمولی حالات میں منائی جا رہی ہے، وزیرِ اعظم

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس دفعہ عید الضحیٰ غیر معمولی حالات میں منائی جا رہی ہے، عیدالضحیٰ کے پیش نظر ایس او پیز کو صوبائی حکومتوں کی مشاورت سے جلد از جلد حتمی شکل دے کر ان کا نفاذ یقینی بنایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں ملک میں کورونا کی صورتحال اور وائرس کی روک تھام کے حوالے سے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا جبکہ عید الضحیٰ کے حوالے سے تیار کیے جانے والے ایس او پیز کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی غور بھی کیا گیا۔
اجلاس میں کورونا کی صورتحال، ملک بھر کے ہسپتالوں میں آکسیجن بیڈ ز کی تعداد میں اضافے کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا جبکہ آکسیجن کی طلب اورسپلائی، ملک کے بڑے شہروں کے متاثرہ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ پر بھی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم کو چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہسپتالوں میں کوویڈ کے لئے مخصوص بیڈز کی تعداد پر بریفنگ دی گئی جبکہ ملک کے بڑے شہروں میں ہاٹ سپاٹس میں سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔
بیڈز کی تعداد میں اضافے کے لئے کی جانے والی کوششوں اور اب تک کی پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے نے وزیراعظم کو کہا کہ آئندہ ماہ کے وسط تک ملک بھر میں 2150بیڈز کا اضافہ کرنے کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔
حماد اظہر نے آکسیجن کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا جس پر وزیرِ اعظم نے بیڈز اور آکسیجن کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔
عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتتے ہوئے کہا کہ کورونا کی روک تھام کے حوالے سے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کے بہتر نتائج موصول ہوئے ہیں جبکہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے مقامی رہنماؤں اور کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے اور ٹائیگر فورس کی خدمات بھی حاصل کی جائیں۔
وزیراعظم نے ایک بارپھرسخت لاک ڈاؤن کی مخالفت کردی
وزیرِ اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ نتظامیہ کے ساتھ مل کر عوام کو سمارٹ لاک ڈاؤن کے بارے میں آگاہی فراہم کریں جبکہ ٹائیگر فورس سمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ اور اسکے مقاصد کے حصول میں انتظامیہ کی معاونت کریں اور عوام کی حفاظت کے لئے واضح ایس او پیز جلد از جلد مرتب کرکے ان کا سختی سے نفاذ یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں شبلی فراز، اعجاز احمد شاہ، اسد عمر، مخدوم خسرو بختیار ، حماد اظہر، سید فخر امام، ڈاکٹر ظفر مرزا، لیفٹنٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ ، شہباز گل، ڈاکٹر معید یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان، چئیرمین این ڈی ایم اے و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News