چھوٹے درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیراعظم

وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تعمیرات اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں تعمیرات کے شعبے میں حکومتی مراعاتی پیکیج کے نتیجے میں شروع ہونے والی سرگرمیوں اور ہاؤسنگ منصوبوں کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران کہا گیا کہ حکومتی پالیسیوں کی بدولت معاشی اعشاریوں میں بہتری آئی ہے جبکہ کورونا کی وجہ سے نہ صرف علاقائی بلکہ دنیا بھر کی معیشت متاثر ہوئی۔
بریفنگ میں مزید کہا گیا کہ کورونا میں کمی آنے کے بعد ملک میں معاشی سرگرمیاں زور پکڑ رہی ہیں جبکہ حکومت کی بہترحکمت عملی کی بدولت کورونا کے نقصانات کو ہر ممکنہ حد تک روکا گیا۔
معروف کاروباری شخصیت عارف حبیب نے کاروباری برادری کی نمائندگی کی اور فرٹیلائزرز، اسٹیل ، رئیل اسٹیٹ و دیگر شعبہ جات میں جولائی کے مہینے میں سامنے آنے والی بہتری کے بارے میں بریفنگ دی۔
عارف حبیب نے کاروباری برادری اور تعمیراتی شعبے سے وابستہ کمپنیوں کی نمائندگی کرتے ہوئے مراعاتی پیکیج جبکہ سہولت کاری اور نظام کو آسان و آن لائن بنانے کے حوالے سے وزیرِ اعظم کی ذاتی دلچسپی کا شکریہ ادا کیا۔
عارف حبیب کی اپنی کمپنی کی جانب سے 106ملین مربع فٹ پرتعمیراتی منصوبے شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
عارف حبیب نے کہا کہ حکومت کی جانب سے تعمیرات کے شعبے میں تاریخی مراعات اور سہولت کاری سے کاروباری برادری کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے جبکہ منظوریوں کے عمل میں آسانی پیدا ہو رہی ہیں۔
عارف حبیب نے مزید کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی دفعہ نجی بنکوں کی جانب سے تعمیرات کے شعبے کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
اجلاس میں وزیرِاعظم نے کاروباری برادری کی جانب سے بھرپور اعتماد پر اطمینان کا اظہار کیا۔
عمران خان نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ تعمیرات اور چھوٹے درمیانے درجے کی صنعتوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے جبکہ ان دونوں شعبوں سے معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
وزیرِاعظم عمران خان نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے لئے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوں گےاور حکومت کاروباری برادری کی سہولت کاری کے لئے ہر ممکنہ کوشش جاری رکھے گی۔
اجلاس میں حماد اظہر، علی زیدی، شیخ رشید احمد،عاصم سلیم باجوہ ،چئیرمین نیا پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی لیفٹنٹ جنرل (ر) انور علی حیدر اور متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز شریک ہوئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News