وفاقی حکومت انضمام شدہ علاقوں کی بلا تعطل تعمیر و ترقی کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت انضمام شدہ علاقوں کی بلا تعطل تعمیر و ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت خیبرپختونخواہ خصوصاً انضمام شدہ علاقوں اور پنجاب کے ترقیاتی ضرورتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں اسد عمر، فواد چوہدری، عمر ایوب خان، عبدالحفیظ شیخ ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمود خان، وزیرخزانہ کے پی تیمور سلیم جھگڑا و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار ، وزیرخزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جوان بخت، چیف سیکرٹری پنجاب نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں انضمام شدہ علاقوں اور پنجاب کی ترقیاتی ضرورتوں اور صوبائی مالیاتی ایوارڈ کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے انضمام شدہ علاقوں کے لیے تمام ضروری مالی وسائل فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت انضمام شدہ علاقوں کی بلا تعطل تعمیر و ترقی کے لیے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے صوبائی مالیاتی ایوارڈ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبوں کے محاصل اور آمدن کی ضلعی سطح پر شفاف اور منصفانہ تقسیم صوبوں میں یکساں تعمیر و ترقی کے عمل کے لیے از حد ضروری ہے ۔
عمران خان نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں میں وسائل کا بڑا حصہ سیاسی ترجیحات کو مد نظر رکھتے ہوئے محض چند علاقوں تک محدود کر دیا جاتا تھا ۔ پس ماندہ علاقوں میں تعمیرو ترقی کا عمل متاثر ہوا اور ان علاقوں کی عوام میں احساسِ محرومی نے جنم لیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر اضلاع میں مالی وسائل کی منصفانہ تقسیم موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔محصولات کے حوالے سے اضلاع اور مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان علاقوں سے حاصل ہونے والے وسائل کو انہی علاقوں کی تعمیر و ترقی اور سہولیات کی بہتری کے لیے بہتر طریقے سے برؤے کار لایا جائے ۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ صوبائی سطح پر آمدن بڑھانے کے لیے آؤٹ آف باکس سلوشنز پر غور کیا جائے۔اس ضمن میں سرکاری املاک کو برؤے کار لا کر مالی وسائل پیدا کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ کوروناکی وجہ سے متاثر ہونے والی سرکاری آمدن کا ازالہ کرنے کے لیے مزید وسائل پیدا کیے جائیں اور ان کو عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے۔
اجلاس میں صوبہ پنجاب اور صوبہ خیبر پختونخواہ کو واجب الادا نیٹ ہائیڈل پرافٹس کے معاملے پر بھی غور کیا گیا اور معاملے کے حل کے لیے ورکنگ گروپ تشکیل دے دیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس معاملے کو احسن طور پر حل کیا جائے گا۔
وزیر اعظم نے صوبائی مالیاتی ایوارڈ اور نیٹ ہائیڈل پرافٹس کے معاملے کے حل کے حوالے سے وزارتِ منصوبہ بندی کی کاوشوں کو بھی سراہا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

