عوامی رابطہ مہم ، مریم نواز کا خود میدان میں اترنے کا فیصلہ

مسلم لیگ نے 13 دسمبر کے لاہور جلسے سے قبل عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس سلسلے میں ریلیوں اور جلسوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جبکہ لیگی کارکنوں کا لہو گرمانے کے لیے مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز خود میدان میں اتریں گی۔
ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں رانا مشہود اور سائرہ افضل تارڑ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم عمران خاں کا چیلنج قبول کرتے ہیں، مینار پاکستان پر ان سے بڑا جلسہ کرکے دکھائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور جلسے کو کامیاب بنانے کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کر دی، مریم نواز خود بھی مختلف جلسوں اور ریلیوں سے خطاب کریں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کی قیادت نے واضح کیا کہ عمران خان اب سوچ لیں انہوں نے عزت سے گھر جانا ہے یا عوام ان کو نکال باہر کریں۔ اگر مینار پاکستان پر جلسہ نہ کرنے دیا گیا تو پورے لاہور میں جلسے ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کا اس ضمن میں مزید کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومت کی وجہ سے آج پاکستان مشکلات کا شکار ہے، عوام کے لیے دو وقت کی روٹی کمانا بھی عذاب ہوچکا ہے۔
واضح رہے کہ مینار پاکستان پر ہونے والے پی ڈی ایم کے لاہور جلسے کے انتظامات کی ذمہ داری مریم نواز کے سپرد کر دی گئی ہے۔
نوازشریف اور آصف ذرداری روابط کے بعد8دسمبر کو اسلام آبادمیں پی ڈی ایم کااجلاس انتہائی اہمیت اختیار کر گیاہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز جلسہ کے حوالے سے لاہور سمیت گردونواح کے اضلاع کے مسلم لیگ ن کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی،پارٹی عہدیداران اور ن لیگ کی اہم شخصیات سے براہ راست رابطہ کر کے انہیں مینار پاکستان پر زیادہ سے زیادہ عوامی شرکت کے حوالے سےہدایات دے رہی ہیں۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کے جیل منتقل ہونے کے بعد جاتی عمرہ سیاسی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا۔
واضح رہے کہ پی ڈی ایم نے 13 دسمبر کو لاہور کے میناز پاکستان میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News