ملک کو ایسے حالات سے دوچار کرنے کی کوشش ہے جس کا ازالہ مشکل ہوجائے گا، شاہ محمود قریشی

سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ملک کو ایسے حالات سے دوچار کرنے کی کوشش ہے جس کا ازالہ مشکل ہوجائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف وہ جماعت ہے جو کہ آئین اور قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم آئین اور قانون کے علمبردار ہیں اور چاہتے ہیں کہ جو بنیادی حقوق سلب ہورہے ہیں ان کا تحفظ کیا جائے تو ہم کیوں آئین اور قانون کی خلاف ورزی کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اگر عدالتی حکم کی تعمیل کروانا چاہتی ہے تو ہمیں بتایا جائے کیونکہ عدالتی حکم نامے پر جو پتہ لکھا ہے وہ بنی گالہ کا ہے تو یہ تو بنی گالہ نہیں ہے اور بنیادی غلطی یہی ہے کہ آپ عدالتی حکم نامہ لے کر زمان پارک آئیں ہیں جبکہ آپ کو تو بنی گالہ جانا چاہیئے تھا۔
شاہ محمود قریشی نے گزشتہ روز کا منظر بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ چونکہ اب پولیس جب زمان پارک آچکی ہے تو ہم انہیں سیزفائر کا پیغام دیتے ہیں اور پارٹی چیئرمین سے مشاورت کے بعد کوئی راستہ نکالتے ہیں جس سے جانی نقصان نہ ہو۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے میری بات سے اتفاق کیا اور جب میں مشاورت کرنے عمران خان کے پاس پہنچا تو انہوں نے شیلنگ کا آغاز کردیا اور اس کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی وہ سب کے سامنے تھی۔
یہ بھی پڑھیں؛ حکومتی سازشوں کا مقابلہ قانونی طریقوں سے کرینگے، شاہ محمود قریشی
انہوں نے کہا کہ یہ تلے ہوئے ہیں حالات خراب کرنے پر اور ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم قانونی راستہ اختیار کریں گے جس کے لئے ہم اسلام آباد ہائی کورٹ بھی گئے ہیں اور لاہور ہائی کورٹ بھی آئے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری پیٹیشن اس وقت عدالتوں میں زیر بحث ہے، ہم چاہیں گے کہ عدالیہ فیصلہ کرے اور ایک ایسا راستہ نکالے جس سے قانونی تعمیل بھی ہوجائے اور جانی خطرات سے بھی بچ جائیں اور یہ جو بدمعاشی پر اتری ہوئی ہے نگراں حکومت اس سے بھی چھٹکارا مل جائے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کل جس وقت عمران خان انٹرنیشنل میڈیا سے رابطے میں تھے تو شیلنگ کے خول سامنے رکھے تھے تاکہ دنیا دیکھیں اور آج بھی جو گولیوں کے خول ملیں ہیں وہ سب جمع کئے گئے ہیں اور میڈیا دیکھ سکتا ہے کہ کیا کیفیت بنی ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو ایسے حالات سے دوچار کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کا ازالہ مشکل ہوجائے گا جبکہ پہلے ہی یہ ملک معاشی اور سیاسی استحکام کا سامنا کر رہا ہے، دہشتگردی کی وارداتوں میں اضافہ ہوا ہے لہٰذا حکومت ہوش کے ناحن لیں ۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News