صدرمملکت اور وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کا سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر اظہار افسوس

صدر آصف علی زردای اور وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے سینیٹ میں پاکستان مسلم لیگ ( ن) کے پارلیمانی قائد عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
صدر مملکت نے ان کے خاندان سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم کی پاکستان میں جمہوریت کے لیے بے پناہ خدمات ہیں۔
صدر نے عرفان صدیقی کے ایصالِ ثواب کیلیے دعا کی اور ان کے خاندان سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عرفان صدیقی کی وفات کی خبر پر بےحد افسوس اور رنج ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک سنجیدہ مفکر، معلم اور اصول پسند دانشور سے محروم ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عرفان صدیقی نے علم، برداشت، سنجیدگی اور دلیل کو ہمیشہ اپنی تحریر اور شخصیت کا محور بنایا، وہ مسلم لیگ ن کے ایک اہم رکن اور ہمارے قریبی ساتھی تھے، میاں نواز شریف اور جماعت کے وفادار ساتھیوں میں ان کا شمار ہوتا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ عرفان صدیقی کی جماعت کے لیے خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، ان کی علمی خدمات اور قومی بصیرت آئندہ نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہے گی، وہ شفیق، منکسرالمزاج اور بے حد نفیس انسان تھے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ ہر موقع پر مثبت سوچ اور علمی دیانت کی بنیاد پر رہنمائی کی، ان کا انتقال میرے لیے، علمی دنیا کے لیے اور معاشرے کے لیے ایک بڑا نقصان ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی انتقال کرگئے
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال پر افسوس اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کااظہار کیا ہے۔
محسن نقوی نے سینیٹر عرفان صدیقی کی صحافتی و سیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم صحافت کے ساتھ سیاست میں بھی اعلی روایات کے علمبردار تھے۔
وفاقی وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ عرفان صدیقی مرحوم کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا، اللہ تعالٰی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو صبر جمیل عطافرمائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سینیٹر عرفان صدیقی کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکل عرفان صدیقی کی وفات والدہ کی وفات کی طرح ایک بڑا غم ہے ۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ وہ نہایت شفیق، علم دوست شخصیت اور وفاکا پیکر تھے، علم اور دلیل سے بات کرنا اُن کی شخصیت کا طرہ امتیاز تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اُن کی وفات مسلم لیگ (ن) فیملی اور ذاتی طورپر ہمارے لئے بہت بڑا غم ہے، مشکل ترین حالات میں بھی وہ ہمت، امید اور دانائی سے راہنمائی کرتے تھے، اللہ تعالی مرحوم کو جنت کے اعلیٰ درجات عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر دے۔ آمین
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

