جنگ ختم امن شروع، مشرقِ وسطیٰ میں ایک نئی صبح کا آغاز ہو گیا ہے، صدر ٹرمپ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی پارلیمنٹ سے تاریخی خطاب میں کہا ہے کہ اسرائیل نے وہ سب کچھ جیت لیا ہے جو طاقت کے بل پر جیتا جاسکتا تھا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیلی پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں کئی دہائیوں بعد امن کی نئی صبح طلوع ہوئی ہے۔
انہوں نے جنگ کے اختتام اور ایران کی ایٹمی صلاحیت کے خاتمے کو امریکا، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کی بڑی کامیابی قرار دیا۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے لیے شروع ہونے والا ڈراؤنا خواب ختم ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکلات کے باوجود ہم نے ناممکن کو ممکن بنایا، آج دنیا امن کا جشن منا رہی ہے۔
صدر ٹرمپ کے مطابق اسرائیل کو جنگ میں فیصلہ کن برتری حاصل ہوئی اور اب اس خطے میں حقیقی امن کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف اسرائیل ہی نہیں بلکہ پوری دنیا خوشی سے جھوم رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ پلان وہ حکمتِ عملی تھی جس نے اسرائیل کے لیے خطرہ بننے والی حماس کا مکمل خاتمہ کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب فلسطینی عوام کے پاس تشدد کے بجائے امن کا راستہ اختیار کرنے کا سنہری موقع ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ غزہ امن معاہدہ کئی اہم شخصیات کی کوششوں کا نتیجہ ہے جسے خطے کے تمام ممالک نے قبول کر لیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ عرب اور اسلامی ممالک غزہ کی تعمیر نو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کے امیر مسلم ممالک غزہ میں ترقی، تعلیم، روزگار اور خوشحالی کے لیے وسائل فراہم کریں گے۔ صدر نے اعلان کیا کہ امریکا بھی اس تعمیر نو کا شراکت دار بنے گا۔
ٹرمپ نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی کھل کر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو اب تمہیں اچھا انسان بننا ہوگا، کیونکہ تم حالتِ جنگ میں نہیں رہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی پر نیتن یاہو مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اسرائیل کو بہت سارے جدید ہتھیار دیے گئے، اور کچھ ایسے بھی مانگے گئے جن کے بارے میں انہوں نے پہلے کبھی نہیں سنا۔ ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے اسرائیل کے ساتھ شیطانوں کا بھی مقابلہ کیا اور امن کا اعلان بھی ساتھ کیا۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا اور اسرائیل کی مشترکہ کارروائی میں ایران کی جوہری تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ 14 بم گرائے گئے جن سے ایران کی ایٹمی صلاحیت کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کسی نے پوچھا کہ کیا ایران دوبارہ ایٹمی ہتھیار بنائے گا؟ میں نے جواب دیا، اگر ایران کو زندہ رہنا ہے تو وہ کبھی دوبارہ ایسا نہیں کرے گا۔ ان کے بقول ایران اب عالمی برادری سے تعاون کا راستہ اپنائے۔
ٹرمپ نے کہا کہ حزب اللہ جو اسرائیل کے گلے کی ہڈی بن چکی تھی، اس کا بھی مکمل صفایا کر دیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ لبنان میں مثبت تبدیلیاں آ رہی ہیں اور لبنانی حکومت کی ریاستی کنٹرول کی کوششوں کی حمایت کی جائے گی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ داعش کو عراق میں صرف چار ہفتوں میں شکست دی گئی، جو امریکا کی غیر معمولی عسکری صلاحیت کا ثبوت ہے۔ ان کے مطابق ہم نے آٹھ ماہ میں آٹھ جنگیں بند کروائیں۔
صدر نے کہا کہ امریکا جدید ترین ہتھیار بنانے والا ملک ہے اور وہ ہمیشہ اسرائیل کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اسرائیل کے ٹکڑے کرنا چاہتے تھے، آج وہ جان چکے ہیں کہ ایسا ممکن نہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن اس خطے کے لیے ایک نئی امید ہے، جہاں اب بندوقیں خاموش ہو چکی ہیں اور مستقبل روشن دکھائی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دعا ہے کہ یہ امن مستقل اور پائیدار رہے۔
صدر نے واضح کیا کہ اب ہماری توجہ روس کی جانب ہونی چاہیے، جہاں نئے خطرات جنم لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مصر میں طاقتور ترین ممالک کے سربراہان سے ملاقات ہو رہی ہے اور سب اچھائی کے لیے اکٹھے ہوئے ہیں۔
ابراہم معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ فی الحال چار ممالک شامل ہیں جبکہ مزید ممالک اس میں شامل ہونے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو ممالک ابھی شامل نہیں ہو سکے کیونکہ ان کی معاشی حالت کمزور ہے۔
انہوں نے ایک بار پھر ہیلری کلنٹن پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ “اس نے کہا میں جنگیں کرانے والا ہوں، حقیقت یہ ہے کہ میں جنگیں ختم کرانے والا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پالیسیوں نے دنیا کو امن کی طرف لے جایا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم نے شدید مشکلات کے باوجود اپنے قیدی واپس لائے، اور یہ کہنا اچھا لگتا ہے کہ یرغمالی آج اپنے گھروں میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکا کی کامیابیاں بھی مشترکہ ہیں۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے اعلان کیا کہ آج مشرق وسطیٰ میں ایک تاریخی صبح طلوع ہوئی ہے۔ ہم نے جنگوں کو امن میں بدلا، نفرت کو تعاون میں بدلا، اور مایوسی کو امید میں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News