میکسیکو میں پولیس کے قافلے پر حملہ14 افسران ہلاک

میکسیکو میں پولیس قافلے پرحملہ ہوا جس کے نتیجے میں چودہ افسران ہلاک جبکہ تین زخمی ہو گئے۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو کی ریاست مشوکان کے علاقے ال اگواج میں مشرقی علاقے میں پولیس قافلے پرحملہ ہوا ہے۔
حملہ آوروں کی فائرنگ سے چودہ افسران ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں ۔
فائرنگ کا واقعہ مشرقی علاقے میں اس وقت پیش آیا جب پولیس افسران عدالتی احکامات لے کر جارہے تھے، حملے میں جرائم پیشہ گروہ کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔
ٹرکوں میں سوار حملہ آوروں نے چاروں طرف سے گھیر کر پولیس افسران کو نشانہ بنایا، ملزمان نے فائرنگ کے بعد پولیس کی گاڑیوں کو آگ لگا دی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
اس حملے میں طاقتور جرائم پیشہ گینگ جالسکو نوا کے ملوث ہونے کا امکان ہے جس کا سربراہ ایک ہفتے قبل مقامی پولیس کے ہاتھوں مارا گیا تھا۔
اس علاقے میں منشیات فروشی کا بازار گرم ہے اور بہت سے جرائم پیشہ گروہ سرگرم ہیں جن کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔
دو ماہ قبل میکسیکو کے سیاحتی شہر کورناواکا میں بس سٹیشن پر مسلح افراد کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک اور ایک شخص زخمی ہو گیا تھا۔حکام نے بتایا تھا کہ ریاست مورلوس 5مختلف منشیات فروش تنظیموں کے مابین میدان جنگ بنا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ میکسیکو منشیات فروشی سے متاثرہ اور لاقانونیت کا شکار ملک ہے جہاں گزشتہ سال فائرنگ اور دیگر واقعات میں 29 ہزار شہری ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News

