Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:
Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads

اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں پروقار استقبالیہ تقریب

شاہ عبدالّلہ دوم 21 برس بعد اردن کے کسی فرمانروا کے پہلی سرکاری دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔

اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں پروقار استقبالیہ تقریب

اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر موجود اردن کے شاہ عبداللہ دوم کے اعزاز میں آج وزیراعظم ہاؤس میں ایک شاندار اور پروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔ تقریب کے آغاز پر پاکستان اور اردن کے قومی ترانے بجائے گئے جس کے بعد پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شاہ عبداللہ دوم کو گارڈ آف آنر پیش کیا جب کہ اردنی فرمانروا نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے شاہ عبداللہ دوم سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کروایا جب کہ شاہ عبداللہ نے بھی اپنے وفد کا وزیراعظم سے تعارف کرایا۔

شاہ عبداللہ دوم کی پاکستان آمد

اردن کے شاہ عبداللہ دوم دو روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچے، جہاں نور خان ائیر بیس پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا جب کہ وفاقی وزرا، خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔

پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر طیاروں نے شاہی طیارے کو خصوصی حفاظتی حصار فراہم کیا۔

یہ دورہ اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ 21 برس بعد کسی اردنی فرمانروا نے پاکستان کا سرکاری دورہ کیا ہے۔ اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے اسٹریٹجک، دفاعی، سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

دورے کے دوران شاہ عبداللہ دوم، صدر آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کریں گے جن میں خطے کی مجموعی صورتحال، تجارت و سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور باہمی شراکت داری کے تمام پہلوؤں پر گفتگو ہوگی۔

ایوان صدر میں اعلیٰ ترین سول اعزاز کی تقریب

پاکستان کی جانب سے اردن کے فرمانروا کو اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازنے کے لیے ایوان صدر میں خصوصی تقریب بھی منعقد ہوگی جس میں ملکی قیادت، حکومتی شخصیات اور اہم مہمان شرکت کریں گے۔

واضح رہے کہ شاہ عبداللہ دوم کے دورہ پاکستان سے نہ صرف سفارتی اور اسٹریٹجک تعاون میں اضافہ ہوگا بلکہ انسدادِ دہشتگردی، دفاعی اشتراک اور علاقائی استحکام کے لیے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔