اسلام آباد: قومی استقامت کے دن کے موقع پر پاکستان نے تمام قدرتی آفتوں سے ایمان، اتحاد، جدت کے ساتھ نمٹنے کے لیے اقدامات کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
اس حوالے سے صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 8 اکتوبر زلزلے جیسی قدرتی آفات کا ہمت سے سامنا کرنے والے تمام لوگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ملک اس سال بھی سیلابی صورتحال کی وجہ سےجانی ومالی، انفرااسٹرکچرکی تباہی سے گزرا ہے، قوم نےقومی استقامت اور اتحاد سے اس قدرتی آفت کا مقابلہ کیا، وفاقی، صوبائی حکومتوں، اداروں نے عوام کے شانہ بشانہ ریسکیو، بحالی کے لیے کام کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ، نقصانات کو کم کرنے کے لیے جامع پالیسی تشکیل دی جائے، پیشگی اطلاعی نظام کو مزید فعال کرنے سے موسمی تغیرات کے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، بار بار آنےوالی آفتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہم اپنی تیاری کو مضبوط کریں۔
’’پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بری طرح متاثر ہونے والے ممالک میں سرفہرست ہے‘‘
دوسری جانب وزیراعظم شہبازشریف نے بھی قومی استقامت دن کے موقع پر پیغام جاری کیا اور موسمیاتی تغیرات، نقصانات سے بچاؤ کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن قومی سطح پر اتحاد، موسمی تغیرات کے نقصانات سے بچاؤ کے عزم وہمت کو اجاگر کرتا ہے، ملکی تاریخ میں مشکل حالات میں قوم نے استقامت اورہمت کا مظاہرہ کیا۔
شہبازشریف نے کہا کہ 8اکتوبر کا دن ملکی تاریخ میں استقامت کی تابندہ مثال کے طور پر منایا جاتاہے، 2005کو قیامت خیز زلزلے کے نتیجےمیں جانی ومالی نقصان ہوا، پاکستانی قوم نے بےمثال اتحاد اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، قوم نے مصیبت میں وسائل کی کمی کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ہر مشکل کا مقابلہ کیا۔
انکا کہنا تھا کہ ملک اس سال بھی سیلابی صورتحال سے جانی ومالی، فیصلوں، انفرااسٹرکچر کی تباہی سے گزرا ہے، عوام نے قومی استقامت اور اتحاد سے اس قدرتی آفت کا مقابلہ کیا، صوبائی حکومتوں، اداروں نے جامع حکمت عملی کے تحت ریسکیو، بحالی کے لیے بھرپور کام کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے بری طرح متاثرہونے والے ممالک میں سرفہرست ہے، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سےبچاؤ، نقصانات کوکم کرنے کے لیے جامع پالیسی کی تشکیل اولین ترجیح ہے، پیشگی اطلاعی نظام کو مزید فعال کرنے سے موسمی تغیرات کے نقصانات سے بچا جاسکتا ہے، جدید ٹیکنالوجی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔














