ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کے اشتعال انگیز بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج اورعوام مادروطن کادفاع کرنا جانتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے جاری بیان میں کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ کا پاکستان کی سالمیت سے متعلق بیان اشتعال انگیز اور بی جے پی حکومت کے ذہن کی عکاسی کرتا ہے۔
ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان انتہا پسندی اور طاقت کے نشے میں چور سوچ کی عکاسی کرتا ہے، بھارتی وزیر دفاع ایک خود مختار ریاست کو توڑنے کی دھمکیاں دیتا ہے، پاکستان راج ناتھ سنگھ کے بیان کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اورعوام مادر وطن کا دفاع کرنا جانتے ہیں، دشمن کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
خیال رہے کہ بھارت کے وزیردفاع نے ایک انتخابی ریلی میں پاکستان کے خلاف پھر ہرزہ سرائی کی تھی۔
بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ راج ناتھ سنگھ نے کہا تھا کہ ‘پاکستان اگر اپنی سرزمین پر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سنجیدہ ہے تو بھارت اس کی مدد کرنے کو تیار ہے’، ساتھ ہی انہوں نے کہا تھا کہ ‘اگر ضرورت بڑھی تو بھارت اس سلسلے میں اپنی مسلح فورسز پاکستان بھیجے گا’۔
بھارتی وزیردفاع نے یہ بھی کہا تھا کہ ’آپ نے 1947 میں دو قومی نظریہ پر بھارت کو 2 حصوں میں تقسیم کیا لیکن 1971 میں آپ کا اپنا ملک 2 حصوں میں تقسیم ہوگیا اور اگر یہی صورتحال جاری رہی تو کوئی طاقت پاکستان کو مزید ٹوٹنے سے نہیں روک سکتی‘۔
واضح رہے کہ بھارت میں رواں سال ہونے والے عام انتخابات سے قبل ہی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کا سلسلہ جاری ہے، جس کا مقصد لوگوں کے پاکستان مخالف جذبات کو بڑھا کر سیاسی فائدہ حاصل کرنا ہے۔














