Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:
Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads | Google Ads

فلسطینی فٹبالر کی موت کا ذکر نہ کرنے پر محمد صلاح کی یوئیفا پر تنقید

فلسطینی فٹبالر کی موت کا ذکر نہ کرنے پر محمد صلاح کی یوئیفا پر تنقید

فلسطینی فٹبالر کی اسرائیلی فوج کے ہاتھوں موت کا ذکر نہ کرنے پر لیورپول کے معروف فٹبالر محمد صلاح نے یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

یوئیفا نے شہید فلسطینی فٹبالر سلیمان العبید کو خراجِ عقیدت پیش کیا، لیکن ان کی شہادت کن حالات میں ہوئی، اس کا کوئی ذکر نہیں کیا۔

41 سالہ سلیمان العبید، جنہیں “فلسطینی پیلے” کے نام سے جانا جاتا تھا، بدھ کو جنوبی غزہ میں امداد کے منتظر شہریوں پر اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔

فلسطینی فٹبال ایسوسی ایشن کے مطابق وہ 400 سے زائد فلسطینی فٹبالرز میں سے ایک ہیں جو اس جنگ میں شہید ہو چکے ہیں، لیکن شہرت کے لحاظ سے سب سے نمایاں کھلاڑی تھے۔

یوئیفا نے ایک مختصر بیان میں العبید کو “وہ باصلاحیت کھلاڑی جس نے تاریک ترین اوقات میں بھی بے شمار بچوں کو امید دی” قرار دیا، تاہم ان کی موت کی وجوہات اور حالات کا ذکر نہیں کیا۔

صلاح نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے سوال اٹھایا: “کیا آپ ہمیں بتا سکتے ہیں کہ وہ کیسے، کہاں اور کیوں مرے؟”

فٹبال فلسطین کے بانی باسل مکدادی کے مطابق، یوئیفا کے کسی وضاحتی جواب دینے کا امکان کم ہے کیونکہ جنگ کے آغاز سے اب تک فٹبال تنظیموں اور کھلاڑیوں کی جانب سے “مکمل خاموشی” رہی ہے۔

اقوامِ متحدہ کے مطابق، مئی کے اواخر میں امریکی و اسرائیلی تعاون سے قائم کردہ امدادی تقسیم کے نظام کے آغاز کے بعد سے غزہ میں امدادی مراکز اور قافلوں کے قریب 1,000 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔