جنوبی افریقہ میں سیلاب کے باعث ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اب تک 443 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جمہوریہ جنوبی افریقہ کے مشرقی صوبے کوازولو ناتال میں سیلاب کی تباہ کاریوں میں اموات کی تعداد 443 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے کے آغاز سے، ملک کے سب سے بڑے شہروں میں سے ایک ڈربن اور اس کے اطراف میں فی مربع میٹر بارش کی مقدار تین سو ملی میٹر سے تجاوز کر گئی جس کےباعث سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ واقع ہوئی۔
اس ضمن میں کوازولو ناتال ریاست کے وزیر اعلیٰ سہلے زیکالالہ کا کہنا ہے کہ خطے میں اب تک منظر عام پر آنے والی سب سے بڑی قدرتی آفات میں سے ایک قرار دیے جانے والے سیلاب میں اب تک 443 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ سیلاب میں لاپتہ ہونے والے 63 افراد کی تلاش جاری ہے۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ سیلاب سے 13 ہزار 556 گھرانے متاثر ہوئے اور تقریباً 4 ہزار عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں۔ زیکالالہ نے بتایا کہ کہ انسانی آبادکاری کا محکمہ اس علاقے کو امداد فراہم کرے گا۔
واضح رہے، خطے کے بدترین سیلاب کے باعث جنوبی افریقہ میں خوراک کا بحران سر اٹھارہا ہے۔ بروقت انتظامات ناگزیر ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بروقت امداد فراہم نہ کی گئی تو حالات بدتر ہوسکتے ہیں۔



















