
وزیراعظم عمران خان نے سندھ بیراج منصوبے کی منظوری دے دی، یہ منظوری سندھ میں آبی وسائل کے فروغ میں تاریخی پیش رفت کی حامل ہوگی۔
ترجمان واپڈا لاہور نے اہنے بیان میں کہا کہ سندھ بیراج کی تعمیر سے سمندری پانی کو ڈیلٹا میں چڑھنے سے روکنے اور زرخیز اراضی سمندر بُرد ہونے سے بچاؤ میں مدد ملے گی۔
بیراج کی تعمیر سے ماحولیاتی اثرات پر قابو پانے اور جنگلات کے ساتھ ساتھ آبی حیات کی افزائش میں بھی مدد ملے گی۔
سندھ بیراج کی تکمیل سے کوٹری کے زیریں علاقوں میں زرعی اور گھریلو استعمال کے لئے میٹھا پانی بھی دستیاب ہوگا۔ اس بیراج سے کراچی شہر کو بھی پانی فراہم کیا جاسکے گا، شہر میں پانی کی قلت دور کرنے میں مدد ملے گی۔
سندھ بیراج کی تعمیر سے صوبہ میں ڈاؤن سٹریم کوٹری پانی کے مسائل حل کرنے اور کراچی میں پانی کی قِلّت پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
یہ منصوبہ دریائے سندھ پر سمندر سے 45 کلومیٹر بالائی جانب تعمیر کیا جائے گا، جو دسمبر 2024ء تک مکمل ہوگا۔
مجوزہ منصوبہ صوبہ سندھ میں پانی کے دیرینہ مسائل کے پس منظر میں واپڈا کی جانب سے تشکیل دیا گیا ہے۔
سندھ بیراج کوٹری کے زیریں علاقوں کی معاشرتی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ملک میں آبی ذخائر اور پانی سے متعلقہ مسائل کے حل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میں وزیرِ آبی وسائل محمد فیصل واوڈا، سیکرٹری آبی وسائل محمد اشرف، چئیرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
وزیرِ آبی وسائل محمد فیصل واوڈا نے وزیرِاعظم کو ملک میں آبی ذخائر، خصوصاً سندھ اور کراچی میں پانی سے متعلق مسائل کے بارے میں بریف کیا۔
چئیرمین واپڈا نے وزیرِاعظم کو سندھ میں پانی سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے مجوزہ منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی تھی۔
وزیرِاعظم نے سندھ اور کراچی میں پانی سے متعلق مسائل کے حل کے لئے وزیرِ آبی وسائل اور چئیرمین واپڈا کی جانب سے پیش کردہ منصوبے کی منظوری دی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News