ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے کامیاب کارروائی کرکے اسٹریٹ کرائم میں ملوث چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی سینٹرل عارف راؤ کے مطابق ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس نے کامیاب کارروائی کرکے بینکوں سے رقم لے کر نکلنے والے شہریوں کو لوٹنے والے چار ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایس ایس پی سینٹرل کا کہنا ہے کہ ملزمان دہشت گردی ،پولیس مقابلوں اور دیگر سنگین وارداتوں میں ملوث ہیں ۔
عارف راؤ نے بتایا کہ گرفتارملزمان میں وقاص جعفری ، یاسر علی ، نوشاد علی اور فرحان شامل ہیں۔گرفتار ملزمان نے دوران تفتیش اہم انکشافات کیے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ملزمان کا گروہ دس سے بارہ اراکین پر مشتمل ہے جو عرصہ دراز سے جرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ ملزمان اسٹریٹ کرائم اور بینکوں سے نکلنے والے شہریوں کو لوٹتے تھے۔ملزمان لوٹ مار کے دوران شہریوں کو فائرنگ کر کے زخمی بھی کر دیتے تھے۔
عارف راؤ نے کہا کہ ملزمان کے خلاف 40 سے زائد دہشت گردی اور پولیس مقابلوں کے مقدمات درج ہیں۔ ملزمان عادی جرائم پیشہ ہیں، ضمانت پر رہا ہو کر دوبارہ وارداتیں کرتے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ ملزمان نے دوران تفتیش کراچی کے ہر بڑے علاقے میں لوٹ مار کا اعتراف بھی کیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے 2 پستول اور 2 موٹر سائیکلیں بھی برآمد ہوئی ہیں۔
ایس ایس پی سینٹرل نے بتایا کہ ملزمان سے چھینے ہوئے 11 موبائل فونز اور ایک لیپ ٹاپ بھی برآمد ہوا ہے۔گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
