اقوام متحدہ نے بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کے جنگ کی حمایت میں کیے گئے ٹوئٹ پر کوئی بھی ایکشن نہ لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے پریانکا کے خلاف کسی قسم کی کارروائی کرنے سے صاف انکار کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کےجنرل سیکریٹری کےترجمان اسٹیفن ڈوجارک کا کہنا تھا کہ اداکارہ ذاتی حیثیت میں کوئی بھی بیان دے سکتی ہیں، ضروری نہیں سفیرکا بیان یونیسیف کی نمائندگی کرتا ہو۔
اقوام متحدہ نے پریانکا کے خلاف کسی بھی قسم کا ایکشن لینے سےانکارکرتے ہوئےان کے جنگ کی حمایت میں کیے گئے ٹوئٹ اوردئیے گئے بیان کواداکارہ کا ذاتی خیال قرار دے دیا ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ پریانکا چوپڑا کا بیان ذاتی تھا تاہم تنظیم کو یہ امید ہے کہ اداکارہ جب بھی بطورخیرسگالی سفیربات کریں گی توغیرجانبداری کا مظاہرہ کریں گی۔
واضح رہے کہ بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا نےسوشل میڈیا پر پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان میں کی جانے والی دراندازی کو سراہتے ہوئے ثابت کردیا تھا کہ وہ امن کی نہیں بلکہ جنگ کی داعی ہیں۔
امن کی سفیر ہونے کے باوجود پریانکا کی جانب سے کی گئی جنگ کی حمایت نے ان کے دنیا بھر میں موجود لاکھوں مداحوں کو سخت مایوس کردیاتھا ۔ پاکستان میں انسانی حقوق کی وزیرشیریں مزاری نے پریانکا کی اس حرکت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کے ادارے یونیسیف کو خط لکھ کر پریانکاکو امن کی سفیر کے منصب سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
یاد رہے بولی وڈ اداکارہ نے اپنی ٹوئٹ میں بھارتی فوج کی حمایت کرتے ہوئے ‘جے ہند’ لکھا تھا۔ اداکارہ کی یہ ٹوئٹ سامنے آنے کے فوری بعد انہیں سوشل میڈیا پر جنگ کی حمایت کرنے پرشدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ خیر سگالی کی سفیر کے عہدے سے ہٹانے کے لیے دستخطی مہم کا آغاز بھی کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
