ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئین اور قانون کے ساتھ کھڑی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آج سندھ اسمبلی میں تاریخی دن ہے۔ آج معلوم ہو جائے گا کون سندھ کے ماہی گیروں کے خلاف ہے،کون سندھ کے جزائر کے ساتھ کھڑا ہے اور کون اس کے خلاف ہے۔
مرتضی ٰوہاب نے کہا کہ آج ہم ایک قرارداد پیش کررہے ہیں جس میں پیپلز پارٹی کے ممبران یہ پیش کررہے ہیں کہ وفاقی حکومت کا آرڈیننس درحقیقت آئین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس آرڈیننس کے ذریعے آئی لینڈز جو سندھ کی ملکیت ہیں اس پروفا قی حکومت قابض ہونا چاہتی ہے۔ یہ جزائر بلوچستان اور سندھ کی ملکیت ہیں ۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ آج دیکھیں گے کہ پی ٹی آئی کے ایم پی اے سندھ کے عوام کا ساتھ دیتے ہیں یا وفاق کا ساتھ دیتے ہیں۔ ایم کیو ایم کو بھی دیکھیں گے کہ وہ آئین کے ساتھ کھڑے ہیں یا عوام دشمن حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی آئین اور قانون کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہماری قرار داد اس کا ثبوت ہے کہ ہم آئین کی سر بلندی کی بات کرتے ہیں۔ دیکھنا ہے باقی پارٹیاں کس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس آرڈیننس کو فوری واپس لیا جائے، یہی وفاقی حکومت کے لیے بہتر ہے۔
ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ وفاقی حکومت پولیس کو آزادنہ کام کرنے نہیں دینا چاہتی۔پنجاب میں پولیس کے ساتھ کس طرح مداخلت ہورہی ہے۔ پولیس کو استعمال کرنے کی وڈیوز موجود ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پولیس آزادنہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی کسی فرد واحد کے ساتھ نہیں بلکہ اداروں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
آج کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ہونے والے دھماکے پر ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تحقیقات میں ظاہری طور لگ رہا ہے کہ گیس سیلنڈر کا دھماکہ ہے۔ پولیس اور رینجرز حکام اس کی تحقیقات کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
