فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر )نے رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر 1400 ارب گراس ریونیو حاصل کرلیا۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ایف بی آر نے رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر 1337 ارب روپے کانیٹ ریونیو حاصل کیا ہے۔
ایف بی آر اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ گذشتہ سال ان چار ماہ میں 1288 ارب رو پےنیٹ ریونیو حاصل کیا گیاتھا۔
انکم ٹیکس کی مد میں 470ارب روپے حاصل ہوئے، سیلز ٹیکس سے 643 ارب اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی 81 ارب روپے ریونیو حاصل کیا۔
چار ماہ کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 206 ارب روپے محصولات جمع کیے۔گذشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 1323 ارب روپے گراس ریونیو حاصل کیا تھا۔
ایف بی آر اعلامیے میں کہا گیا کہ رواں سال جولائی تا اکتوبر 77 ارب روپے گراس ریونیومیں اضافہ حاصل ہواہے۔ ماہ اکتوبر میں محاصل کی مد میں 333ارب روپے حاصل ہوئے جو کہ گذشتہ سال 325 ارب روپے تھے۔
رواں مالی سال جولائی تا اکتوبر128ارب روپے کے ریفنڈز جاری ہوئے ہیں جبکہ گذشتہ سال جاری کردہ ریفنڈز 52 ارب روپے کے تھے۔
ماہ اکتوبر میں 15 ارب کے ریفنڈز جاری کیے گئے جبکہ گذشتہ سال اکتوبر میں 4.5 ارب تھے۔ ریفنڈز اضافہ کی بدولت معاشی سرگرمیوں میں بہتری آئی ہے۔
کورونا وبا ءکے باعث معیشت کی سست روی کے باوجود ایف بی آر محصولات میں اضافہ ہوا، ایف بی آر اور حکومت نےفنانس ایکٹ 2020 میں ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مد میں خاطر خواہ ٹیکس ریلیف دیا۔
درآمدی سطح پر 2 فیصد ریونیو میں کمی کے باوجود ایف بی آر نے قابل تحسین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ مقامی وصولیوں میں 13 فیصد اضافہ حاصل کیا ہے۔
ٹیکس گزاروں کا حکومت کے ریونیو اقدامات پر اعتماد کی عکاسی ہے۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں اسمگل شدہ اشیاء جن کی مالیت 21.48 ارب روپے ہے ضبط کی گئی ہیں۔ گذشتہ سال پہلے چار ماہ میں 13.40 ارب روپے مالیت کی اشیاء ضبط ہوئی تھیں ۔
ایف بی آر تجارتی آسانی کی فراہمی کے لیے آٹومیشن، ای آڈٹ اور طریقہ کار سہل بنانے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے۔ ایف بی آرنے کرپشن، ہراسانی اور اختیارات کے غلط استعمال کےتدارک کے لیے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔
رواں ٹیکس سال تاجروں کی آسانی کے لیے انکم ٹیکس گوشوارے نہایت آسان اور ایک صفحہ پر مشتمل متعارف کرائے گئے ہیں۔ تاجروں اور تنخواہ دار طبقہ کے لیے اردو اور علاقائی زبانوں میں بھی ٹیکس گوشوارے اپلوڈ کر دیئے گئے ہیں۔
ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے 8 دسمبر 2020 تک جمع کرالیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
