وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے چین کے سفیر نونگ رونگ سے ملاقات کی ہے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ، سی پیک کے منصوبوں اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ معدنیات ، فشریز، زراعت، لائیو اسٹاک اور ٹیکنیکل ووکیشنل ٹریننگ کے شعبوں میں چین کے تعاون سے مزید استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔
جام کمال خان کا کہنا تھا کہ گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی تکمیل سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا جبکہ گوادر میں انفراسٹرکچر کی ترقی، صحت اور تعلیم سمیت پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ گوادر میں چائنیز لرننگ سینٹر اور ووکیشنل ٹریننگ انسٹیٹیوٹ قائم کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے سی پیک منصوبے سے خاطر خواہ فوائد حاصل نہیں کیے ہیں۔
جام کمال خان نے یہ بھی کہا کہ مقامی لوگوں کو ہنر مند بنانے کے لئے اسکل ڈیویلپمنٹ پروگرام شروع کیا جائے گا جبکہ بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
جام کمال کا کہنا تھا کہ چینی کمپنیاں بلوچستان میں سرمایہ کاری کریں ہم چینی سرمایہ کاروں کو ہر طرح کی سہولتیں دیں گے۔
وزیراعلیٰ نے گوادر کو کراچی سے بذریعہ ریلوے نیٹ ورک ملانے کی تجویز بھی دی ہے۔
چین کے سفیر نونگ رونگ نے وزیراعلیٰ جام کمال خان کی قیادت میں بلوچستان حکومت کی ترقی کے لئے موثر اقدامات کو سراہا ہے۔
نونگ رونگ نے کہا کہ گوادر پورٹ سے شہر تک سڑک کی تعمیر کا کام مکمل کیا گیا ہے جبکہ گوادر پورٹ پر 150 بستروں پر مشتمل اسپتال تعمیر کر رہے ہیں۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کے لئے چینی کمپنیوں کو راغب کیا جائے گا اور صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے 1700 مستحق خاندانوں کے لئے اشیاء خورد و نوش مہیا کی جائے گی۔
ملاقات میں صوبائی وزراء میر عارف جان محمد حسنی، میر سلیم احمد کھوسہ، پارلیمانی سیکرٹریز میر سکندر عمرانی، محترمہ بشریٰ رند اور چیف سیکریٹری بلوچستان سمیت اعلیٰ حکام موجود تھے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News