پنجاب سمیت ملک میں زلزلے کے بعد وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے حکام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے پی ڈی ایم اے حکام سے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی۔
وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار نے ہدایت کی ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں موجود سرکاری اور نجی عمارتوں کی صورتِ حال کا جائزہ لیا جائے۔
انہوں نے کہا ہے کہ مختلف اضلاع میں زلزلے کے بعد ممکنہ نقصانات کے بارے میں مکمل آگاہی حاصل کی جائے اور پی ڈی ایم اے زلزلے کے ممکنہ آفٹر شاکس کے پیشِ نظر پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔
یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان نے زلزلے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر لواحقین سے اظہار ہمدردی و تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں میرپورکے زلزلہ زدگان بھائیوں کے ساتھ ہیں پنجاب حکومت زلزلہ زدگان کی مدد کے لئے تمام ممکنہ امداد فراہم کرے گی۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر جہلم میر پورکی انتظامیہ سے مسلسل رابطے میں رہیں اورامدادی سرگرمیوں میں بھر پور مدد کریں۔
واضح رہے کہ آج سہ پہر 4 بج کر 2 منٹ پر آزاد کشمیر، خیبر پختون خوا، پنجاب اور دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں میں شدید زلزلہ آیا ہے ، زلزلے کے باعث کم از کم 19 افراد جاں بحق اور 150 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
اسلام آباد کے علاوہ میرپور آزاد کشمیر ،لاہور، پشاور، مری، جہلم، کالا باغ، حافظ آباد، چینیوٹ، ہری پور اور دیگر علاقوں میں بھی شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔
نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے مطابق آزادکشمیر میں زلزلے کے بعد 19 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ 150 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت میں 5 اعشاریہ 8 ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی گہرائی زیرِ زمین 10 کلو میٹر تھی، جبکہ اس کا مرکز جہلم کا شمالی علاقہ تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
