
پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کی سیکریٹری اطلاعات شہلا رضا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن نے دوبارہ گنتی میں اپنی شکست کے خوف سے راہ فرار اختیار کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کی سیکریٹری اطلاعات شہلا رضا نے این اے 249 میں ن لیگ کے دوبارہ گنتی کے عمل سے فرار پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ لندن فرار ہونے والے این اے 249 میں انتخاب کی رات فرار ہوئے اور اب دوبارہ گنتی کے عمل سے فرار ہو گئے ہیں۔
شہلا رضا نے کہا کہ لگتا ہے تمام انتخابی ریکارڈ مانگ کر ن لیگ اپنی مرضی کا الیکشن سیل کھولنا چاہتی ہے۔
شہلا رضا کا کہنا تھا کہ ن لیگ ظرف کا مظاہرہ کرے اور ووٹوں کی دوبارہ گنتی میں حصہ لے کر نتائج کو تسلیم کرے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسا ڈرامہ ہے جس انتخابی ریکارڈ کے نتائج کو مسترد کیا گیا تھا ن لیگ وہی نتائج دوبارہ مانگ کر گنتی کے عمل کو متنازع بنا رہی ہے۔
شہلا رضا نے یہ بھی کہا کہ دوبارہ گنتی کے عمل کے دوران تمام انتخابی ریکارڈ مانگنے کی نظیر اس سے پہلے کبھی نہیں ملتی یہ گنتی کے عمل کو متنازع بنانے کی کوشش ہے۔
شہلا رضا کا کہنا تھا کہ اگر تھیلوں میں ووٹوں کی گنتی میں کمی یا زیادتی ہو تو اعتراض بنتا ہے مگر سامنا کیے بغیر پہلے سے راہ فرار اختیار کرنے کی کوئی منطق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی درخواست پر دوبارہ گنتی کا عمل ہو رہا ہے ، پاکستان پیپلزپارٹی نے فیصلے کو قبول کیا ہے جبکہ ن لیگ فرار ہوگئی ہے۔
شہلا رضا نے یہ بھی کہا کہ ن لیگ کی این اے 249 میں قلابازیاں کھسیانی بلی کھمبا نوچے کی مثال ہے ورنہ یہ جان چکے ہیں کہ انہیں عوام نے شکست دے دی ہے۔
شہلا رضا کا کہنا تھا کہ مجھے اپنے لیڈر بلاول بھٹو پر فخر ہے کہ انہوں نے شہباز شریف کو خوشاب میں جیت کی مبارکباد دے کر جمہوری روئیے کا مظاہرہ کیا ہے۔
پاکستان پیپلزپارٹی کراچی کی سیکریٹری اطلاعات شہلا رضا کا مزید کہنا تھا کہ اگر خوشاب میں ن لیگ جیت جائے تو یہ جمہوریت کی فتح اور اگر بلدیہ میں ہار جائے تو یہ ڈیل کا نتیجہ ہے ،یہ ڈرامہ نہیں چلے گا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News