
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ زلزلے کے بعد 70فیصد گھر رہنے کے قابل نہیں رہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میرپور آزاد کشمیر میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ میرپور آزاد کشمیر میں زلزلے کے باعث تقریبا 5ہزار گھر بری طرح متاثر ہوئے،زلزلہ متاثرین کی بحالی وآبادکاری کےلیےتمام وسائل بروئےکارلائےجائیں گے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ سول ایڈمنسٹریشن اور پاک فوج کے ساتھ مل کر بحالی کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں، زلزلے کے بعد 70فیصد گھر رہنے کے قابل نہیں رہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا یہ بھی کہنا تھا کہ این ڈی ایم اےکی طرف سےمزید1200 ٹینٹ فراہم کردئیےگئے ہیں، متاثرین زلزلہ میں خوراک ، ادویات اور علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم آج زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے، شہدا کے ورثا کے لیےحکومت پاکستان 5،5 لاکھ روپے کے امدادی پیکج کا اعلان پہلے ہی کر چکی ہے۔
واضح رہے کہ 24 ستمبر کو آزاد کشمیر اور اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں آنے والے خطرناک زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 39 ہو گئی ہے جبکہ آج 4.4 شدید کے آفٹر شا کس بھی آئے ہیں جن کے با عث زخمیو ں کی تعداد میں بھی مزید اضا فہ ہو گیا ہے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.8 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ اس کا مرکز جہلم سے 5 کلومیٹر شمال کی طرف تھا اور گہرائی زیرزمین 10 کلومیٹر تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News