
وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے سیکیورٹی کونسل کے مستقل اراکین ممالک کے سفارت کاروں کو مذاکرات کیلئے خط لکھ دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی طرف سے کیے گئے بھمبر سے چکوٹھی تک مارچ اور احتجاجی دھرنے پر وفاقی وزارت خارجہ ،اقوام متحدہ کے اسلام آباد میں ذمہ داران اور سیکیورٹی کونسل کے مستقل اراکین ممالک کے سفارت کاروں کو مذاکرات کیلئے خط لکھ دیا۔
وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر خان نے یہ مکتوب جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے قائدین کے مطالبے پر لکھا ہے۔
وزیر اعظم آزادکشمیر نےوزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو لکھے گئے خط میں کہا کہ وہ اقوام متحدہ کے پاکستان میں نمائندوں اور اقوام متحدہ میں سیکیورٹی کونسل کے پانچ مستقل اراکین ممالک کے سفیروں کوکہیں کہ وہ سیز فائر لائن چکوٹھی میں بیٹھے ہزاروں احتجاجی مطاہرین سے آکر مذاکرات کریں تا کہ دھرنا ختم کرایا جا سکے۔
وزیر اعظم نے اپنے مکتوب میں مقبوضہ کشمیر کشمیر میں جاری بھارتی حکومت کے کرفیو کو ناجائز اور انسانی حقوق کے خلاف قراردیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اپنی زمہ داریاں نبھاتے ہوئے کشمیریوں کو بھارت سےآزادی دلانے میں مدد کرے۔
وزیر اعظم آزادکشمیر کی طرف سے لکھے گئے اس مکتوب کی کاپیاں اسلام آباد میں قائم اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر سمیت امریکہ، روس، برطانیہ، چین اورفرانس کے پاکستان میں سفیروں کو بھی بھیجا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کی کال پر 4 اکتوبر کو بھمبر سے شروع ہونے والے آزادی مارچ کوٹلی، پونچھ، باغ سے ہوتا ہوا مظفرآباد پہنچا تھا جہاں دیگر شہروں سے بھی لبریشن فرنٹ کے کارکنان کے علاوہ سول سوسائیٹی اور تاجران بھی ان کے ہمراہ چکوٹھی کی طرف نکلے تھے۔ سیز فائر لائن کے قریبی علاقے چناری میں ان مظاہرین کو آزادکشمیر کی پولیس نے کنٹینر لگا کر روک دیا تھا۔یہ ہزاروں مظاہرین سیز فائر لائن عبور کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر جانا چاہتے تھے ۔ پولیس کے روکنے پر مظاہرین نے پر امن طور پر شاہراہ سرینگر پر دھرنا دے دیا جو گزشتہ 6 دن سے جاری ہے اور دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور کارکنان ان مطاہرین سے اظہار یکجہتی کیلئے جمع ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News