
سفید رنگ کا قدرتی کیمیکل جز پھٹکری یعنی کے ایلم مارکیٹ سے با آسانی سفید ڈَلیوں کی صورت میں سستے داموں مل جاتی ہے جس کے استعمال سے خوبصورتی پر بے شمار فوائد حاصل ہوتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق خواتین کے چہرے پر غیر ضروری بالوں کا مسئلہ عام طور پر ہارمونز کے غیر متوازن ہونے کی وجہ سے ہوتا ہے، اس کے علاوہ مضر صحت ، غیر متوازن غذاؤں کا استعمال اور ذہنی دباؤ بھی اس مسئلے کا سبب بنتا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق چہرے کے غیرضروری بالوں، صاف شفاف جِلد اور جھریوں کے خاتمے کے لئے اگر کیمکیل سے لبریز بیوٹی مصنوعات کے بجائے قدرتی نسخوں کا استعمال کیا جائے تو اس سے ناصرف جِلد منفی اثرات سے محفوظ رہتی ہے بلکہ چہرے کے بالوں کی نشونما میں بھی واضح کمی آتی ہے۔
چہرے کے بالوں کی افزائش کم کرنے اور دانوں کے علاج کے لئے کیمیکل کمپاؤنڈ پھٹکری کو موزوں پایا گیا ہے، پھٹکری ایک جراثیم کُش جز ہے ، اسے اکثر گھروں میں پانی صاف کرنے کے لئے بھی استعمال کیا جا تا ہے۔
عرق گلاب میں ایک چمچہ میدہ اور دو سے تین چٹکیاں پھٹکری ملا کر لیپ بنا لیں، اب اسے چہرے پر لگائیں اور خشک ہونے پر ہاتھوں سے مل کر صاف کر لیں، بلاناغہ ایک مہینہ یہ عمل کرنے سے چہرے کے غیر ضروری بال جڑوں سے کمزور ہو جائیں گے اور ویکسنگ اور تھریڈنگ کی ضرورت طویل عرصے تک محسوس نہیں ہوگی۔
خواتین اگر چہرے پر موٹے اور کالے بالوں سے جان چھڑا نا چاہتی ہیں تو پھٹکری پیس کر محفوظ کر لیں، اب اسے روزانہ ہم وزن پانی میں گھول کر روئی کی مدد سے چہرے پر لگائیں ( پانی نیم گرم ہونا چاہئیے) خصوصاً جب بھی تھریڈنگ یا ویکسنگ کریں اسے اپنے چہرے پر ضرور لگائیں۔
یہ عمل ہفتے میں کم از کم تین بار ضرور دہرائیں، اس عمل سے چہرے کے بالوں کی افزائش میں کمی آئے گی۔
روزانہ کسی بھی وقت چہرہ دھونے کے بعد پھٹکری کی ڈلی سے براہ راست گیلے چہرے پر مساج کیا جا سکتا ہے، مساج کے بعد چہرہ سوکھنے دیں اور 20 منٹ بعد دھو لیں۔
کیل مہاسوں اور دانوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے پھٹکری کو پیس کر پانی میں شامل کر کے دانوں اور کیل مہاسوں پر لگائیں، بیس منٹ لگا رہنے دیں اور بعد میں دھو لیں۔
یہ عمل دانوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے روزانہ کریں، پھٹکری لگانے کی صورت میں اگر جلن محسوس ہو تو فوراً چہرہ دھو لیں اور یہ ٹوٹکا مت دہرائیں۔
جھریوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے پھٹکری کے ایک چھوٹے ٹکڑے کو گیلا کر کے آہستہ آہستہ اپنے چہرے پر رگڑیں، کچھ دیر بعد عرق گلاب سے چہرے کو دھو لیں اور اس کے بعد موسچرائزر کا استعمال کریں۔
پھٹکری کو توے پر اتنا گرم کریں کہ وہ پگھل کے بھربھری سی نرم شکل میں آ جائے، اب اسے ٹھنڈا ہونے پر ناریل کے تیل میں ملا کے متاثرہ حصوں پر لگائیں،اس سے ایڑیاں صاف ستھری اور نرم ملائم ہو جائیں گی۔
جن افراد کو زیادہ پسینہ آتا ہو اور پسینے میں بدبو کی بھی شکایت ہو تو ایسے افراد نہاتے وقت پانی میں پھٹکری شامل کر لیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News