چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر پاکستان کے دفاع کے قومی نکتہ نظر کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس کا اجلاس ہوا جس میں سیکیورٹی سے متعلق ایشوز کا جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے اجلاس کی صدارت کی جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ایئر چیف ظہیر احمد بابر سدھو، نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی بھی شریک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ اجلاس کا انعقاد ڈیفنس اور سیکیورٹی ماحول کا جائزہ لینے کے لئے کیا گیا جبکہ اجلاس کے دوران درپیش چیلنجز، تینوں مسلح افواج کا ورک پلان اور آپریشنل تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں خطے کی پائیدار ترقی کے لئے افغانستان میں امن کی اہمیت، اسٹریٹجک و روایتی پالیسی میں تیز رفتار ترقی سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شرکاء نے تمام خطرات کا جامع سیکیورٹی حکمت عملی کے تحت منہ توڑ جواب کے عزم کا اعادہ کیا جبکہ شرکاء نے دہشت گردی کی جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ سروسز چیفس نے ڈیفنس فورسز کی تیاریوں پر مکمل اطمینان و اعتماد کا اظہار کیا۔
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے پاکستان کو درپیش دفاع و سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مسلح افواج کے مشترکہ کردار کی تعریف کی اور کہا کہ جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر پاکستان کے دفاع و سیکیورٹی کے تحفظ کے قومی نکتہ نظر کے ساتھ کام کر رہا ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
