
سابق وزیر اعظم نواز شریف کی لندن روانگی ای سی ایل میں نام نہ نکالے جانے کی وجہ سے منسوخ ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے نیب کو خط لکھا تھا جس کے بعد نیب نے ہفتے کے روز وزارت داخلہ کو جوابی خط لکھ کر نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس طلب کی تھیں لیکن چیئرمین نیب کی عدم دستیابی کے باعث نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاسکا تھا اور اس معاملے پر آج پیشرفت کا امکان ہے۔
نواز شریف کی غیر ملکی پرواز کی ٹکٹ منسوخ#NawazSharif #TicketCancel #ECL#BOLNews pic.twitter.com/mLpjol4bS4
— BOLNetwork (@BOLNETWORK) November 11, 2019
نواز شریف کو قطر ایئر لائن کی پرواز سے براستہ لندن جانا تھا۔بورڈنگ نہ ہونے کی وجہ سے ان کے ٹکٹ منسوخ کردیے گئے۔
ذرائع نے بتایا کہ سرکاری میڈیکل بورڈ نواز شریف کو علاج کے لیے فوری باہر بھیجنے کی سفارش کرچکا ہے۔
دوسری جانب نواز شریف کی لندن روانگی کی منسوخی ان کی ناساز طبیعت بھی بتائی جارہی ہے۔تاہم سابق وزیراعظم نواز شریف کی ایک دو روز تک لندن روانگی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ میاں نوازشریف کی طبیعت21 اکتوبر کو خراب ہوئی اور ان کے پلیٹیلیٹس میں اچانک غیر معمولی کمی واقع ہوئی، اسپتال منتقلی سے قبل سابق وزیراعظم کے خون کے نمونوں میں پلیٹیلیٹس کی تعداد 16 ہزاررہ گئی تھی جو اسپتال منتقلی تک 12 ہزار اور پھر خطرناک حد تک گرکر 2 ہزار تک رہ گئی تھی۔
نوازشریف کو پلیٹیلیٹس انتہائی کم ہونے کی وجہ سے کئی میگا یونٹس پلیٹیلیٹس لگائے گئے لیکن اس کے باوجود اُن کے پلیٹیلیٹس میں اضافہ اور کمی کا سلسلہ جاری ہے۔
نوازشریف کی صحت کے معاملے پر ایک سرکاری بورڈ بنایا گیا تھا جس کے سربراہ سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس (سمز) کے پرنسپل پروفیسر محمود ایاز تھے جب کہ اس بورڈ میں نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان بھی شامل تھے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف 16 روز تک لاہور کے سروسز اسپتال میں زیر علاج رہے جس کے بعد انہیں 6 نومبر کو سروسز سے ڈسچارج کرکے شریف میڈیکل سٹی منتقل کیا گیا تاہم شریف میڈیکل سٹی جانے کی بجائے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا میں ہی ایک آئی سی یو تیار کیا گیا جس کی وجہ سے وہ اپنی رہائش گاہ منتقل ہوگئے۔
سابق وزیراعظم کی بیماری تشخیص ہوگئی ہے اور ان کو لاحق بیماری کا نام اکیوٹ آئی ٹی پی ہے، دوران علاج انہیں دل کا معمولی دورہ بھی پڑا جبکہ نواز شریف کو ہائی بلڈ پریشر، شوگراور گردوں کا مرض بھی لاحق ہے۔
نواز شریف کو لاہور ہائیکورٹ نے چوہدری شوگر ملز کیس میں طبی بنیادوں پر ضمانت دی ہے اور ساتھ ہی ایک ایک کروڑ کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے 26 اکتوبر کو ہنگامی بنیادوں پر العزیزیہ ریفرنس کی سزا معطلی اور ضمانت کی درخواستوں پر سماعت کی اور انہیں طبی و انسانی ہمدردی کی بنیاد پر 29 اکتوبر تک عبوری ضمانت دی تھی جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کی سزا 8 ہفتوں تک معطل کردی ہے۔
خیال رہے کہ اس مقدمے میں سابق وزیراعظم کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 7 سال قید کی سزا سنائی تھی۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News