
وزیراعظم عمران خان سے دراز گروپ کے چیف ایگزیکٹو اور مقامی عہدیدار نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں معیشت کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جاری بیان میں کہا گیا کہ دراز (Daraz) گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، بیارکے میکلسن (Bjarke Mikkelsen) اور دراز پاکستان کے مینجنگ ڈائریکٹر احسان سایا نے اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ملک کی اقتصادی ترقی اور روزگار کی فراہمی تیز کرنے کے لیے ای-کامرس کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا، اس موقع پر مشیر خزانہ شوکت ترین بھی موجود تھے۔
اس ملاقات میں ڈیجیٹلائزیشن پر بات چیت ہوئی، جسے سرکاری ایجنڈے میں کلیدی اہمیت حاصل ہے اور یہ حکومت اور ای کامرس سے تعلق رکھنے والے کاروباری ادارے کس طرح مل کر کام کرسکتے ہیں تاکہ ملک کی اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے ساتھ روزگار کے لاکھوں مواقع بھی پیدا کیے جا سکیں۔
یہاں نشاندہی کی گئی کہ دراز چھوٹے اور درمیانے کاروباری اداروں (SMEs) کو ٹیکنالوجی، ٹریننگ اور بڑے کسٹمرز تک رسائی کے طریقوں کے بارے میں تعلیم دے کر اْن کی ترقی میں مدد کر سکتا ہے۔
اس موقع پر دراز نے وزیر اعظم کو اپنے ویژن کے بارے میں بتایا، جس کے تحت، آئندہ دو برسوں کے دوران اس پلیٹ فارم پر ای-کامرس کے بارے میں تربیت یافتہ SMEs کی تعدار بڑھ کر 300,000 ہو جائے گی جبکہ روزگار کے مجموعی مواقع 10 لاکھ ہوجائیں گے اور اس طرح روزگار کے ایک کروڑ مواقع پیدا کرنے کے لیے وزیراعظم کا ایجنڈا پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
یہاں یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ پاکستان کی معیشت چھوٹے کاروباری اداروں پر غیر معمولی انحصار کرتی ہے لہٰذا ملاقات کے شرکا نے اس بات پر بھی تبادلہ خیال کیا کہ ای-کامرس کس طرح دیہی علاقوں میں چھوٹے کاروباری اداروں کی اعانت کر سکتی ہے اور انہیں رسائی فراہم کر سکتی ہے تاکہ وہ اپنے کاروبار کو پورے ملک میں وسعت دے سکیں۔
دراز گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر بیارکے میکلسن نے وزیراعظم عمران خان اور مشیر خزانہ شوکت ترین کے ساتھ اس ملاقات کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا اور بتایا کہ دراز کس طرح حکومت کے ساتھ شراکت میں کام کر سکتا ہے۔
ملاقات کے دوران میکلسن نے کہا کہ ‘ایک کمپنی کے طور پر ہمارا مقصد اْن کمیونٹیز کو ترقی دینا ہے جہاں ہم کام کرتے ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے ملک کی اقتصادی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، ہمیں توقع ہے کہ حکومت کے ساتھ اپنے مضبوط عملی تعلقات کے ذریعے یہ بات یقینی بنائیں گے کہ اْن کے مقاصد کو پورا کر سکیں’۔
ملاقات کے دوران اس موضوع پر بھی بات چیت ہوئی کہ ای-کامرس کس طرح، اشیا تیار کرنے والے اداروں اور صارفین کے درمیان براہ راست رسائی کے ذریعے، افراط زر پر قابو پانے میں مدد کر سکتی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News