
دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کے دعوے دار ملک بھارت میں گھریلو تشدد کی وجہ سے ہر 25 منٹ میں ایک شادی شدہ خاتون خود کشی کر رہی ہے۔
اس بات کا انکشاف بھارتی سرکاری کی ایک آفیشل رپورٹ کے بعد ہوا ہے۔ بھارت کے سرکاری ادارے قومی کرائم ریکارڈ بیورو( این سی آر بی) کے مطابق گزشتہ سال 22 ہزار372 شادی شدہ خواتین نے اپنے ہاتھوں سے زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ اس لحاظ سے 24 گھنٹے میں اوسطا ً 61 خواتین یعنی ہر 25 منٹ میں ایک شادی شدہ خاتون نے خودکشی کی۔
این سی آر بی کے اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ مودی سرکار کے راج میں گزشتہ سال مجموعی طور پر خود کشی کے 1 لاکھ 53 ہزار 52 کیس رپورٹ ہوئے، جن میں نصف سے زائد تعداد خواتین کی تھی۔
این سی آر بی جو کہ 1997 سے پیشے کےحساب سے خود کشی کے اعداد وشمار جمع کر رہی ہے، کے مطابق ہر سال 20 ہزار سے زائد شادی شدہ خواتین آتما ہتھیا کر لیتی ہیں اور ہر سال اس شرح میں اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔
بھارتی ذرایع ابلاغ کے مطابق سرکاری ریکارڈ میں ان ہلاکتوں کو ’ گھریلو مسئلے‘ یا ’ شادی سے متعلق مسائل‘ کے زمرے میں ڈال دیا جاتاہے۔
لیکن وہ کیا محرکات ہیں جن کے کارن ( وجہ) ہزاروں خواتین موت کو گلے لگا لیتی ہیں؟
بھارتی شہر ونارس کی ایک ماہر نفسیات ڈاکٹر اوشا ورما کا اس بارے میں کہنا ہے کہ خواتین میں خودکشی کی سب سے بڑی وجہ گھریلو تشدد ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں شادی شدہ خواتین کی جانب سے خودکشی کے بڑھتی ہوئی شرح کے اسباب جاننے کے لیے حکومت کی جانب سے ایک سروے کا اہتمام کیا گیا۔
سروے میں شامل خواتین کی اکثریت نے اس بات کا اعتراف کیا کہ دن بھر غلاموں کی طرح محنت و مشقت کرنے کے باوجود انہیں شوہر اور سسرال والوں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جس کی وجہ سے خانگی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔
ڈاکٹر اوشا کا کہنا ہے کہ عموما ً خواتین میں بہت برداشت اور حوصلہ ہوتا ہے، لیکن برداشت کی بھی ایک حد ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ زیادہ تر لڑکیوں کی شادیاں 18 سال کی عمر تک پہنچنے سے قبل ہی کردی جاتی ہے جس کے بعد انہیں ساری زندگی ایک بیوی، ایک بہو بن کر پورا دن گھر میں کھانا بنانے، صفائے کرنے اور گھریلو کام کاج میں صرف کرنا پڑتی ہے۔ اور انہیں اس زندگی سے زیادہ موت میں راحت دکھائی دیتی ہے۔ اور خودکشی کی بڑھتی ہوئی شرح کے اسباب بھی کافی حد تک یہی ہیں۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News