اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آاباد تشریف لائے کویت کے وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح نے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ کا دورہ کیا۔
وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کویتی ہم منصب کا خیر مقدم کیا اور خوش آمدید کہا۔ کویتی وزیر خارجہ نے او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کی میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو مبارکباد دی۔
شاہ محمود قریشی نے دورانِ ملاقات کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان اور کویت کے درمیان دو طرفہ تعلقات، مشترکہ مذہب و اقدار کے بندھنوں میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان کویت کے ساتھ ، صحت، صنعت و تجارت اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کا متمنی ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ کویت، ہنرمند افرادی قوت میں اضافے کیلئے پاکستان کے انجینئرز اور ڈاکٹرز کی خدمات سے استفادہ کر سکتا ہے، پاکستان خلیج تعاون کونسل کے ارکان کے درمیان بہتر تعلقات کے لیے کویت کے مثبت کردار کو تسلیم کرتا ہے۔
مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان مسلمان ممالک کے درمیان یکجہتی کو مضبوط بنانے کے لیے کویت کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔ پاکستان، مارچ 2022 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کے لیے تیار ہے، یکے بعد دیگرے دو وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاسوں کی میزبانی، مسلم امہ کے لیے پاکستان کی سنجیدہ سوچ کی ترجمانی کرتی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، او آئی سی کو مسلم امہ کی مستحکم آواز جانتے ہوئے اسلامو فوبیا، امن و سلامتی اور دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے او آئی سی کے موثر کردار کا متقاضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ چالیس سال کی جنگ و جدل کے بعد افغانستان میں قیام امن کا موقع میسر آرہا ہے، افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے لیے فوری اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات ہمسایہ ممالک، خطے اور دنیا بھر کے لیے خطرے کا باعث ہو سکتے ہیں۔
مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم مسئلہ کشمیر کے حوالے سے او آئی سی کی مسلسل حمایت پر او آئی سی کے شکر گزار ہیں، ستاون مسلم ممالک کی آواز کی حامل او آئی سی، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لیے موثر کردار ادا کر سکتی ہے۔
دورانِ ملاقات کویتی وزیر خارجہ نے کویت کی تعمیر و ترقی میں کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے مثبت کردار کو سراہا، کویتی وزیر خارجہ شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح نے بھرپور میزبانی پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔
خیال رہے کہ او آئی سی وزرائے خارجہ اجلاس کل صبح 11:30 بجے شروع ہو گا، افتتاحی اجلاس کی صدارت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کریں گے۔
اجلاس کا آغاز شاہ محمود قریشی کے خطاب سے ہوگا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے بعد سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود خطاب کریں گے۔
سعودی وزیر خارجہ کے بعد اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حصین براہیم طحہ خطاب کریں گے۔
او آئی سی کے علاقائی گروپوں ایشیا، افریقہ اور عرب کی جانب سے بیان پڑھا جائے گا۔
بیان کے بعد اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر ڈاکٹر محمد الجسیر خطاب کریں گے۔
اسلامی ترقیاتی بینک کے صدر کے بعد وزیر اعظم عمران خان کا خطاب ہوگا
بارہ بجکر پینتالیس منٹ سے ساڑھے چھ بجے تک بند کمرہ اجلاس ہوگا، میڈیا کو صرف پریس گیلری میں جانے کی اجازت ہو گی، ساڑھے 6 بجے شاہ محمود قریشی اور او آئی سی سیکرٹری جنرل حصین براہیم طحہ مشترکہ پریس کانفرنس کریں گے، مشترکہ پریس کانفرنس پارلیمنٹ ہاوس میں ہی ہوگی۔
وزرائے خارجہ کے اجلاس کے دوران کسی کو ریڈ زون میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، ریڈ زون صرف وی آئی پی نقل و حرکت کے لیے کھلا ہوگا۔