
چیف جسٹس آف پاکستان نے اسسٹنٹ کمشنر کراچی اسما بتول کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ خاموش ہوجائیں,ڈونٹ بی کم آرگومنٹ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ رجسٹری میں کڈنی ہل پارک کی بحالی کے کیس میں سماجی رہنما امبرعلی بھائی نے بتایا کہ مجموعی طور پر4.9 ایکڑ زمین پارک کیلئے مختص ہے۔ بالائی حصہ پر پھر مسجد کی تعمیر شروع ہوگئی ہے۔
خواجہ شمس وکیل الفتح مسجد نے عدالت کو بتایا کہ عدالت نے ڈیمارکیشن کا حکم دیا تھا۔ زمین کے ایم سی سے نیلامی کے ذریعے حاصل کی گئی جس پر جسٹس قاضی امین بولےکہ کوئی عبادت گاہ غیرقانونی زمین پر تعمیر نہیں کی جاسکتی۔
امبرعلی بھائی نے کہا کہ ماسٹر پلان میں کوئی مسجد نہیں تھی جس پرایڈوکیٹ خواجہ شمس نے کہا کہ الفتح مسجد شہید کرکے نئی مسجد تعمیر کرائی جارہی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنراسما بتول نے فرقہ واریت کا رنگ دینے کیلئے مزار اور قبرستان آباد کرایا۔ راتوں رات بسم اللہ مسجد فرقہ واریت کیلئے بنوائی گئی۔ عدالت کا حکم ڈیمارکیشن کا تھا مسجد شہید کرنے کا حکم نہیں تھا۔
سپریم کورٹ نے کمشنرکراچی کو آئندہ سماعت پررپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارک میں کہیں بھی نماز پڑھنے سے نہ روکا جائے۔ پارک کی حدود میں کسی قسم سے تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں مذید کہا کہ اسلام بھی غیر قانونی زمین پر مساجد کی تعمیر کی اجازت نہیں دیتا۔ کے ایم سی کے پاس پارک کی زمین پر مسجد کا لائسنس دینے کا اختیار نہیں تھا۔
سپریم کورٹ نے الفتح مسجد انتظامیہ کی نظرثانی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کے ایم سی کی جانب سے دیا گیا لائسنس منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالتِ عظمٰی نے مسجد کیلئے مختص زمین کے ایم سی کو واپس کرنے کا حکم دیا۔
چیف جسٹس نے اسسٹنٹ کمشنراسما بتول کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سماعت پر ایک قبر کا بتایا گیا تھا اب پورا قبرستان بن گیا ہے۔ آپ لوگ افسران ہیں شہر کے کرتا دھرتا ہیں کیا کررہے ہیں آپ لوگ؟کیا ہم تمام پارکس کو قبرستان بناتے جائیں گے؟
چیف جسٹس نے مذید کہا کہ آپ کے گیٹ کے سامنے قبر بنا دیں گے آپ کیا کریں گے؟
خواجہ شمس نے کہا کہ اسما بتول نے نسلہ ٹاور کا انہدام بھی رکوا دیا تھا جس پر اسما بتول نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حفاظتی اقدامات کے بغیر انہدام ہو رہا تھا اس لیے چند گھنٹوں کیلئے روکا تھا۔
چیف جسٹس نے اسسٹنٹ کمشنرکی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ تو حفاظتی اقدام بھی آپ کا کام تھا یا کسی اورکا؟
سماعت کے دوران عدالت میں موجود بعض خواتین نے عدالت سے استدعا کی کہ اسما بتول اپنی شوہرکے ساتھ مل کر بلیک میل کرتی ہیں۔ شوہر مختیار کار سے مل کر نقشے بناتی ہیں، کارروائی نہیں کرتیں۔
چیف جسٹس نے اسما بتول کو بولنے سے روک دیا اور سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ خاموش ہوجائیں don’t become arrogant، آپ ینگ افسر ہیں اس طرح کے کام مت کریں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ آپ کو معلوم نہیں کیا کررہی ہیں؟ آپ نوکری سے جائیں گی اور پھر کبھی جاب نہیں ملے گی۔ خاموشی سے عدالتی حکم پرعمل درآمد کرائیں۔ کیا ہم آپ کو آپ کا کام بھی بتائیں؟ آپ لوگ کس لیے ہیں؟
اظہارِ برہمی کرتے ہوئے جسٹس گلزاراحمد نے کہا کہ ہم بتائیں گے کہ کیسے پارکس بنانا ہے کیسے بچانا ہے؟ آپ لوگ دفتروں میں بیٹھنے اورلیٹر لکھنے کیلئے ہیں؟ لیٹر تو کوئی بابو بھی لکھ دیتا ہے، اتنے بڑے بڑے افسر اس لیے بن گئے ہیں۔ ہرگلی میں گڑبڑ ہے ہرگلی میں مسائل ہیں آپ لوگوں کو پرواہ نہیں۔
چیف جسٹس آف پاکستان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کا کہ آپ کے سامنے پتھر پڑا ہوگا مگرآپ ہٹائیں گے نہیں نظرانداز کرکے نکل جائیں گے۔
جسٹس قاضی امین نے کہا کہ یہی کمشنرزہیں جن سے کام لینا ہے۔ کچھ لوگ کہتے ہیں ہمارے خلاف آبزرویشن دیتے ہیں۔ کیا سارا ملک اندھا ہوچکا ہے جو نظر نہیں آرہا یہ لوگ کیا کررہے ہیں؟ یہ ہمارے ملازم ہیں ہم ان کے ملازم نہیں ہیں ان کو کام کرنا ہوگا۔ یہ لوگ ہم پر مسلط ہیں اور کام کرنے کو تیارنہیں ہیں۔
سپریم کورٹ نے کڈنی ہل پارک کی زمین مکمل وا گزار کرانے اور پارک کی حدود میں قائم بسم اللہ مسجد بھی ختم کرنے کا حکم دیا۔
عدالت نے کڈنی ہل پارک کی حدود میں قائم مزاراور قبرستان بھی ختم کرنے اور پارک کو غیرقانونی سرگرمیوں سے محفوظ بنانے کا حکم دیتے ہوئےپارک میں مسلح سیکیورٹی گارڈز تعینات کرنے کی ہدایت کردی۔
ایڈمنسٹریٹرمرتضٰی وہاب نے عدالت کو بتایا کہ پارک میں سوا لاکھ پودے لگائے گئے ہیں جو پھل دے رہے ہیں۔ پارک میں بہت اچھا سبزہ ہوگیا ہے آپ کو ضروروزٹ کرنا چاہئے۔
امبرعلی بھائی نے چیف جسٹس کو مشرہ دیتے ہوئے کہا کہ مجھے کیلوں کا گچھا مالی نے دیا تھا کھانے کیلئے بہت اچھے پھل ہیں۔ آپ وقت نکال کرضروروزٹ کریں۔ جس پر چیف جسٹس نے خوشگوارموڈ میں جواب دیا کہ خواہش تو ہے مگر ابھی وقت نہیں ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News