
پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی انسپیکشن، انکوائریز ٹیم و سیاسی امور سید وقار مہدی نے کہا ہے کہ شہید بھٹو کا مشن پاکستان کو مساوات پر مبنی معاشرہ بنانا تھا۔
وقار مہدی نے پی پی پی کے بانی چیئرمین شہید ذو الفقار علی بھٹو کو ان کی سالگرہ پر خراج عقیدت پیش کیا۔
سید وقار مہدی نے شہید ذو الفقار علی بھٹو کے یوم ولادت پر اپنے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ شہید ذو الفقار علی بھٹو پاکستان کا محسنِ عظیم، اسلامی دنیا کے ہیرو اور عالمی لیڈر تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہید ذو الفقار علی بھٹو کی جدوجہد، نظریہ اور قربانیاں بے مثال و لازاول ہیں، یہ قائدِ عوام ہی تھے جنہوں نے پاکستان کی سیاست، معیشت اور ریاست کو پہلی بار جمہور دوست بنانے کی بنیاد رکھی۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ناقابلِ تسخیر سیاسی شعور، متفقہ آئین، ایٹمی پروگرام اور پی پی پی شہیدِ بھٹو کے قوم کے دیئے ہوئے تحفے ہیں، زرعی و معاشی اصلاحات، حق رئے دہی، پاسپورٹ کا اجراء، ٹریڈ یونینز، کسانوں اور خواتین کے حقوق قائدِ عوام کی حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔
سید وقار مہدی نے کہا کہ شہید بھٹو کے عدالتی قتل کا مقصد پاکستان کی قومی ہم آہنگی، معاشی ترقی اور معاشرتی نمو کی شہ رگ کو کاٹنا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس کی بلاتاخیر سماعت کرے، جسٹس نسیم حسن شاہ کے اعتراف کے بعد شہید بھٹو کیس ملک کی اعلیٰ عدلیہ کے پیرہن پر دھبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن یہ عہد کرنے کا دن ہے کہ ہم چیئرمین بلاول بھَٹو زرداری بھٹو کی قیادت میں قائدِ عوام کے نامکمل مشن کو پایئہ تکمیل پر پہنچائیں گے۔
پی پی پی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی انسپیکشن، انکوائریز ٹیم و سیاسی امور سید وقار مہدی کا مزید کہنا تھا کہ شہید بھٹو کا مشن پاکستان کو مساوات پر مبنی معاشرہ اور وفاقی جمہوری ریاست بنانا تھا۔
دوسری جانب رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے قائد عوام شہید ذو الفقار علی بھٹو کی 94 ویں سالگرہ پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو عظیم قائد شہید ذو الفقار علی بھٹو کا 94 واں یوم ولادت مبارک ہو، بھٹو شہید نے لوگوں کو زبان، حقوق کی پہچان اور جمہوریت دی۔
بخش چانڈیو نے کہا کہ اپنی جان کی قربانی دے کر بھٹو شہید نے وطن کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس عظیم قائد نے سرزمین بے آئین کو آئین دیا، اپنی جان کی قربانی دے کر بھٹو شہید نے وطن کا دفاع ناقابلِ تسخیر بنایا، آج پھر پاکستان میں جمہوری نظام کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ قوم سے حقیقی جمہوریت چھین کر ہائبرڈ نظام دیا گیا ہے، جو پاکستان کی بقاء کی ضمانت ہے اس آئین پر وار کئے جا رہے ہیں، بھٹو شہید کا آئین اور پارلیمانی جمہوری نظام ہی پاکستان کی بقاء کے ضامن ہیں۔
مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ آج پیپلز پارٹی پھر اپنے نوجوان قائد بلاول بھٹو کی قیادت میں آئین اور جمہوریت کے دفاع کیلئے میدان میں ہے، بھٹو اور بی بی شہید کے مشن پر چلتے ہوئے ہم ملک میں حقیقی عوامی راج لائیں گے۔
رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ نئے پرانے لاڈلے آزمائے جا چکے، قوم آج پھر بھٹو شہید کے سیاسی وارثوں کی طرف دیکھ رہی ہے، ہم نے قوم کو نہ پہلے مایوس کیا نہ اب کریں گے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News