
سعید غنی
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ بد قسمتی سے جماعت اسلامی بھی ایم کیو ایم کی طرز پر لسانی سیاست کر رہی ہے۔
سندھ سعید غنی نے کراچی ایکسپو سینٹر میں منعقدہ نمائش میں میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کہا کہ نمائش میں مختلف علاقوں سے لوگ یہاں شریک ہیں مختلف ثقافت کے رنگ بکھر گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اومیکرون ضرور پھیل رہا ہے تاہم اسپتالوں پر ابھی دباؤ نہیں ہے، ہمیں پابندیاں لگانا نہیں چاہتے لوگ ویکسین لگوائیں تاکہ اس مرض سے چھٹکارا پاسکیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوویڈ کے نمبر بڑھے تو پھر سخت اقدامات کرنا پڑتے ہیں، شہریوں سے درخواست ہے کہ احتیاط پر عمل کریں اور ویکسینیشن کرائیں۔
سعید غنی نے کہا کہ جماعت اسلامی جب تک چاہے دھرنا کرے انکی مرضی ہے، ہم نے ان سے نہیں کہا کہ دھرنا ختم کریں، میں گزارش کروں گا کہ بس اپنی تحریک وہیں تک رکھیں جہاں کسی کے حقوق متاثر ہوں، جہاں تک بیٹھے ہوئے ہیں بیٹھے رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قانون کے اندر خامیاں ہوتی ہیں انہیں بات چیت کے ذریعے دور کیا جاسکتا ہے، بدقسمتی سے جماعت اسلامی بھی ایم کیو ایم کر طرز پر لسانی سیاست کر رہی ہے، افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ جماعت اسلامی اپنے تشخص کو متاثر کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی رہی سہی حیثیت بھی سکڑ رہی ہے، کراچی میں ماضی میں جو بینرز ایم کیو ایم لگاتی تھی جماعت اسلامی نے ایسے بینرز آویزاں کئے ہیں۔
سعید غنی نے مری اور گلیات میں رش میں پھنسی گاڑیوں میں اموات پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مری حادثے پر انتہائی افسوس ہے، مری کے حادثے کی تو سچی بات ہے کہ میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا مزید کہنا تھا کہ یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ 1 لاکھ گاڑیاں کیسے مری پہنچ گئیں، اگر ایک گلی میں 100 گاڑیاں چلی گئیں تو وہ خوش ہونے کی بات نہیں، آپ کو معلوم ہونا چاہئے کہ مری میں اتنی کیپیسٹی نہیں ہیں، ان تمام لوگوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے ان تمام وزراء کے خلاف کارروائی ہونی چاہیئے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News