وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو کورونا ویکسینیشن کے عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
محمود خان کی زیرِ صدارت کورونا سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور چیف سیکرٹری کے علاوہ محکمہ صحت کے حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں اومیکرون کے خصوصی تناظر میں صوبے میں کورونا صورتحال کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے شرکاء کو کورونا کی نئی قسم اومیکرون سے نمٹنے کے لئے محکمہ صحت کے انتظامات اور ہسپتالوں کی استعداد کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو کورونا ویکسینیشن اہداف کے حصول کے لئے اب تک کی پیش رفت کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ صوبے میں اب تک اومیکرون کے 22 مثبت کیسز سامنے آئے ہیں تاہم ان میں سے کوئی بھی ہسپتال میں زیرِ علاج نہیں ہے، گزشتہ دو ہفتوں کے دوراں صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 0.3 سے 0.6 فیصد کے درمیان رہی ہے۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں اس وقت روزانہ کی بنیادوں پر کورونا کے 10 لاکھ ٹیسٹ کئے جارہے ہیں، صوبے بھر کے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لئے بستروں اور دیگر سہولیات کی خاطر خواہ گنجائش موجود ہے، صوبے میں کورونا کی مجموعی صورتحال کنٹرول میں ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ صوبے میں اب تک 2 کروڑ 35 لاکھ سے زائد کورونا ویکسین لگائے گئے ہیں، صوبے میں 12 سال سے زائد عمر کی تقریبا 60 فیصد آبادی کی کورونا ویکسینیشن کی گئی ہے۔
خیبر پختونخوا محمود خان نے متعلقہ حکام کو کورونا ویکسینیشن کے عمل مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کے سو فیصد اہداف کے حصول کے لئے حقیقت پسندانہ پلان تیار کیا جائے۔
محمود خان کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقوں میں کورونا ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
