
بھارت میں حزب اختلاف کی جماعت کانگریس پارٹی کے رہنما راہل گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی بھارت کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ بہت بڑے خطرے میں بھی ڈال رہے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے ہی چین اور پاکستان ایک دوسرے کے قریب تر ہوچکے ہیں۔
راہل گاندھی نے بجٹ اجلاس کے دوران پارلیمنٹ سے خطاب میں کہا کہ نریندر مودی کی حکومت نے ملک کو بہت کمزور کر دیا ہے اور یوں پاکستان اور چین ایک ہوگئے ہیں جو بھارتی عوام کے ساتھ سب سے بڑا جرم ہے۔
راہل گاندھی نے سخت گير ہندو تنظیموں اور ہندو قوم پرست حکمران جماعت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آر ایس ایس اور بی جے پی ہمارے ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کر رہے ہیں، ہمارے اور عوام کے درمیان رشتوں کو کمزور کر رہے ہیں۔
ملک میں بڑھتی ہوئی بیروزگاری کے حوالے سے راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ ایک دہائی پہلے کے مقابلے میں آج کا بھارت بہت کمزور ہے۔
راہل گاندھی نے کہا کہ بھارت مکمل طور پر الگ تھلگ ہو چکا ہے۔ سری لنکا، نیپال، میانمار، پاکستان، افغانستان اور چین ہر جانب سے گھرے ہوئے ہیں جبکہ ہمارے مخالفین ہماری اس پوزیشن کو سمجھتے ہیں۔
راہل گاندھی کا کہنا تھا کہ چین کے پاس ایک واضح نظریہ ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتا ہے جبکہ بھارتی خارجہ پالیسی کا سب سے بڑا اور واحد اسٹریٹیجک ہدف پاکستان اور چین کو الگ رکھنا ہے لیکن آپ نے تو اُنہیں اکٹھا کر دیا ہے۔
راہل گاندھی نے حکومت کو خبردار کیا کہ کسی وہم میں مت رہیے، یہ بھارت کے لیے بہت سنگین خطرہ ہے۔ حکومت نے جموں و کشمیر اور اپنی خارجہ پالیسی میں بڑی اسٹریٹیجک غلطیاں کی ہیں۔
حکمران جماعت بی جے پی اور کئی حکومتی وزراء نے مودی حکومت کے دفاع میں راہل گاندھی کے اس بیان پر کڑی تنقید کی ہے جبکہ دوسری جانب ملک میں ایک نئی بحث بھی چھڑ گئی ہے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News