
امریکا کے معروف تحقیقاتی ادارے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن( ایف بی آئی) نے کرپٹو کرنسی اور ڈیجیٹل اثاثوں کے شعبے میں ہونے والے جرائم اور برآمد ہونے والی ڈیجیٹل کرنسی کے لیے خصوصی شعبہ قائم کردیا ہے۔
امریکی محکمہ انصاف نے کمپیوٹر کی مدد سے ہونے والے جرائم کی روک تھا م کے لیے ایف بی آئی میں ایک نئی نیشنل کرپٹو کرنسی انفورسمنٹ ٹیم قائم کردی ہے۔
’ ورچوئل ایسیٹ ایکسپلولائیٹیشن‘ کے نام سے بننے والا ایف بی آئی کا یہ نیا شعبہ کرپٹو کرنسی کے پس منظر میں موجود بلاک ٹیکنالوجی کا تجزیہ کرتے ہوئے ضبط ہونے والے ورچوئل اثاثوں کی دیکھ بھال کرے گا اور اس زمرے میں ہونے والے جرائم کی روک تھام کرے گا۔
حکومت کی جانب سے اس نئے شعبے کے قیام کا فیصلہ رواں ماہ ہونے والے محکمے کی سب سے بڑی مالیاتی ضبطگی کے بعد کیا گیا تھا۔
ایف بی آئی نے رواں ماہ نیویارک میں ایک جوڑے کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سےساڑھے 4 ارب ڈالر مالیت کے بٹ کوائن قبضے میں لیے تھے۔
ان بٹ کوائنز کو2016 میں ڈیجیٹل کرنسی کی خرید و فروخت کرنے والے ایکسچینج ’ بٹ فینکس‘ میں ہونے والی ہیکنگ کی کارروائی میں چرایا گیا تھا۔
ایف بی آئی کے اس نئے شعبے کی سربراہی یون یونگ چوئی کریں گے، جنہوں نے روسی ہیکرز کی جانب سے جے پی مورگن اور چیس کمپنی کے 80 ملین سے زائد صارفین کی معلومات چرانے کے کیس میں بطور سرکاری وکیل حکومت کی بہت مدد کی تھی۔
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News