چین میں تباہ ہونے والے مسافر طیارے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی ہے، جس میں طیارے کو آسمان سے سیدھا زمین پر گرتے واضح دیکھا جاسکتا ہے۔
چائنا ایسٹرن ایئر لائنز کے بوئنگ 737-800 پرواز کو پیش آئے حادثے کے مناظر ایک سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھے جاسکتے ہیں۔
فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ ایک سفید چیز تیز رفتاری سے ووژو کے قریب پہاڑوں پر موجود جنگل کی جانب گِر رہی ہے۔

یہ طیارہ جنوب مغربی شہر کنمنگ، یوننان صوبے کے صدر مقام سے ہانگ کانگ کی سرحد سے متصل گوانگ ڈونگ کے دارالحکومت گوانگ ژو جا رہا تھا۔
حادثے کی وجہ کے بارے میں تاحال کوئی اطلاعات نہیں ہیں، آن لائن شیئر ہونے والی دیگر فوٹیجز میں مقامی افراد کو طیارے کے ٹکڑوں کے پاس کھڑے دکھایا گیا ہے۔

ویڈیوز میں جنگل سے اٹھنے والے دھویں اور شعلوں کو بھی قید کیا گیا ہے۔

فی الحال رپورٹس بتاتی ہیں کہ حادثے میں کسی کے زندہ بچنے کے کوئی آثار نہیں ہی، ہنگامی اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر موجود ہیں۔
سول ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن آف چائنہ (سی اے اے سی) اور ایئر لائن حکام نے بتایا کہ طیارے میں 123 مسافروں سمیت عملے کے نو افراد سوار تھے۔
ایک بیان میں، چائنا ایسٹرن ایئرلائنز نے طیارہ گر کر تباہ ہونے کی تصدیق کی اور جہاز میں سوار افراد کے رشتہ داروں کے لیے ہاٹ لائن کی تفصیلات بتائیں۔
مقامی میڈیا نے ایک ریسکیو اہلکار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ طیارہ زمین پر گرتے ہی ٹکڑے ٹکڑے ہو گیا اور اس میں آگ لگ گئی جس سے بانس کے متعدد درخت تباہ ہو گئے۔
پیپلز ڈیلی نے صوبائی فائر فائٹنگ ڈیپارٹمنٹ کے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ بکھرے ہوئے ملبے میں زندگی کا کوئی نشان نہیں ہے۔
رائٹرز کے مطابق، آن لائن موسمی اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ حالات جزوی طور پر ابر آلود تھے لیکن حادثے کے وقت ووژو کا مطلع صاف تھا۔
Flightradar24 کے مطابق، طیارہ چھ سال پرانا تھا اور گوانگژو بائیون انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے لیے جا رہا تھا۔
سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی نے رپورٹ کیا کہ صدر شی جن پنگ نے انویسٹی گیٹرز سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد حادثے کی وجہ کا تعین کریں اور “مطلق” ہوا بازی کی حفاظت کو یقینی بنائیں۔
بوئنگ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ “ہم میڈیا کی ابتدائی رپورٹس سے واقف ہیں اور مزید معلومات اکٹھا کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔”
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
