وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کے لیےڈپٹی اسپیکرکو اسمبلی اجلاس کی صدارت سے روکنے کے لیے تحریک انصاف نے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔
پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈرسبطین خان سمیت دیگراراکین نے لاہورہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائرکردی۔
درخواست میں دوست محمد مزاری، سیکریٹری اسمبلی اور چیف سیکریٹری پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔
تحریک انصاف نے درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ ڈپٹی اسپیکردوست مزاری کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش ہوچکی ہے۔ ڈپٹی اسپیکر اپنے رویے کی وجہ سے اپنی غیرجانبدارانہ ساکھ کھوچکے ہیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ تحریک عدم اعتماد کے سبب ڈپٹی اسپیکر وزارت اعلی کے اجلاس کی صدارت نہیں کرسکتا۔ ڈپٹی اسپیکر کے بعد آف چیئرمین میں سے ایک فرد اجلاس کی صدارت کرسکتا ہے۔

تحریک انصاف نے درخواست میں کہا کہ ڈپٹی اسپیکر دوست مزاری نے پی ٹی آئی مخالف امیدوارکے ساتھ الحاق کرلیا ہے، ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے گزشتہ روز ٹی وی چینل پر بیٹھ کر پی ٹی آئی کے امیدوارکیخلاف بیان بازی بھی کی۔
درخواست میں یہ مؤقف بھی اختیارکیا گیا کہ ڈپٹی اسپیکرکو وزیراعلی پنجاب کے انتخاب کیلئے اجلاس کی صدارت سے روکنے کے لیے سیکرٹری اسمبلی کو درخواست دی جا چکی ہے۔
درخواست میں عدالت سے کہا گیا کہ سیکرٹری اسمبلی 16 اپریل کو دوست مزاری کو اجلاس صدارت سے روکنے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کررہا۔ ڈپٹی اسپیکرکو وزیراعلی کے انتخاب کے اجلاس کی صدارت سے روکا جائے۔
تحریک انصاف نے عدالت سے استدعا کی کہ سیکرٹری اسمبلی کو دوست مزاری کی جگہ اسمبلی سیشن کی صدارت کیلئے متبادل فرد مقررکرنے کا حکم دیا جائے۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
