ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کی قرارداد منظور
امریکی ایوان نمائندگان نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذے کی دو قراردادیں کثرت رائے سے منظور کر لی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان نےصدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مواخذ ے کے دونوں آرٹیکلز کی منظوری دے دی ہے،جس کے بعد ٹرمپ اس عمل کا سامنا کرنے والے تیسرے امریکی صدر بن گئے ہیں۔
مواخذے کی قراردادوں کی منظور ی کے بعد صدر ٹرمپ پر اب امریکی سینیٹ میں مقدمہ چلایا جائے گا جہاں اس بات کا فیصلہ ہو گا کہ وہ برسراقتدار رہیں گے یا نہیں۔
امریکی صدر کے مواخذے کی وجہ وہ کال ہے جس میں انہوں نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے یوکرین کے صدر پر دباؤ ڈالا کہ وہ ٹرمپ کے سیاسی حریف جو بائڈن اور ان کے بیٹے پر کرپشن کی تحقیقات کریں۔
امریکی صدر پر یہ بھی الزامات ہیں کہ انہوں نے کانگریس کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔
ووٹنگ کے دوران ایوان نمائندگان کے تمام ڈیموکریٹ ارکان نے مواخذے کے حق میں جبکہ ریپبلکن ارکان نے اس کے خلاف ووٹ دیا۔
اختیارات کےغلط استعمال میں مواخذے کی قراردادکی منظوری کےحق میں 230 جبکہ مخالفت میں 197 ووٹ پڑے۔
کانگریس کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے مواخذے کی قرارداد کےحق میں229 جبکہ مخالفت میں 198ووٹ ذالے گئے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئےایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر کو یقین ہے کہ وہ سینیٹ میں کارروائی کے دوران بری الذمہ قرار دیے جائیں گے۔
دوسری جانب صدر ٹرمپ نے مواخذے کی کارروائی کو وقت کا ضیاع قراردے دیتے ہوئے کہا کہ مواخذہ میرا نہیں بلکہ ڈیموکریٹس کا ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ یہ لوگ پاگل ہیں،ڈیموکریٹس پارٹی لاکھوں امریکی عوام کےووٹ کی توہین کررہی ہے۔ مواخذے کی کارروائی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ ایڈم شیف من گھڑت الزام لگارہے ہیں کہ میں نے انہیں دھمکی دی ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کے تیسرے صدر ہیں جن کے خلاف باضابطہ طور پر مواخذے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔
اس سے قبل 1868میں امریکی صدر انڈریو جوہنسن اور 1998 میں صدر بل کلنٹن کو مواخذے کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ 1974 میں امریکی صدر رچرڈ نکسن نے مواخذے کی کارروائی کے ایوان کے فلور تک پہنچنے سے پہلے ہی استعفیٰ دے دیا تھا۔
مزید پڑھیں
Catch all the Business News, Breaking News Event and Latest News Updates on The BOL News
Download The BOL News App to get the Daily News Update & Live News
